Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دوحہ پہنچ گئے، امیر قطر سے ملاقات

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان قطر کے سرکاری دورے پر بدھ کو دوحہ پہنچے ہیں۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے سعودی عرب کے ولی عہد کا  دوحہ انٹرنیشنل,ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیا۔
بعد ازاں ایوان امیری میں سعودی ولی عہد کا سرکاری استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا۔
سعودی، قطری رابطہ کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ قطر کی وفد کی قیادت امیر قطر اور سعودی عرب وفد کی قیادت سعودی ولی عہد نے کی ہے۔
دونوں رہنماوں نے سعودی، قطری رابطہ کونسل اجلاس کے منٹس پر بھی دستخط کیے۔
امیر قطر سے ملاقات میں شہزادہ محمد بن سلمان نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں کے ساتھ تازہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اس موقع پر امیر قطر نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ خصوصا خطے کے حالات کے پیش نظر تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد خلیجی ممالک کے دورے کے تیسرے مرحلے میں قطر پہنچے ہیں۔ اس سے قبل وہ عمان اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرچکے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان دورے کے آخری مرحلے میں کویت اور بحرین بھی جائیں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد خطے کے مسائل پر خلیجی ممالک کے مابین یکساں موقف کو اجاگر کرنا، مکالمے کو فروغ دینا اور استحکام بڑھانا ہے۔

ایئرپورٹ پر شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کیا (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی ولی عہد کے دورہ امارات کے پر مشترکہ اعلامیہ
متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امارات کے اختتام پر بدھ کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی قیادت میں دو طرفہ تعلقات کو نئی منزلوں تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ 
ایس پی اے کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان اورولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے مذاکرات کیے‘۔
’دونوں نے برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے، حاصل کامیابیوں، سٹراٹیجک تعاون کی رفتار اور مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو عروج کی منزلوں تک لے جانے والے طریقوں کا جائزہ لیا ہے‘۔ 
سعودی ولی عہد نے امارات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ پر امارات کے قائدین، حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔ مختلف شعبوں میں کامیابیوں پرخراج تحسین پیش کیا ۔ مزید ترقی و خوشحالی اور امن و استحکام کی آرزو ظاہر کی۔
فریقین نے سیاسی، عسکری، اقتصادی ترقیاتی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں منفرد تعاون کو سراہا ۔ سعودی اماراتی رابطہ کونسل کے تحت تعاون اور یکجہتی کا سفر جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
 مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے، اسٹرٹیجک شراکت کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار ایک دوسرے کے یہاں نئے شعبوں میں حصہ لیں گے۔
فریقین نے اوپیک پلس کے پلیٹ فارم سے باہمی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوپیک پلس گروپ عالمی منڈی کے استحکام کےلیے کامیاب سے مہم چلا رہا ہے۔  
اعلامیے کے مطابق گروپ کے ممبر ملکوں کے درمیان تعاون جاری رکھنا ضروری ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے مملکت کی جانب سے کاربن سرکلر اکانومی کے فارمولے پر عمل درآمد میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
گرین مشرق وسطیٰ اقدام کے حوالے سے امارات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس سے ملک کی علاقائی اور بین الاقوامی سطحوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

شیئر: