Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل، آخری پی ایس ایل کھیلیں گے

سنہ 2017 کے پی ایس ایل کی ٹرافی پشاور زلمی کی ٹیم نے جیتی تھی جس کے کپتان شاہد آفریدی تھے۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں شاہد آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے اور یہ ان کے کیریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔
جمعرات کو جاری کیے گئے بیان میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے جیمز ونس بھی اگلے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلیں گے۔
شاہد آفریدی اور جیمز ونس نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔
اگلے پی ایس ایل میں قومی ٹی 20 کے کھلاڑی افتخار احمد بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے جبکہ اعظم خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلیں گے۔
شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وہ کوئٹہ کی ٹیم کا حصہ بننے پر پرجوش ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے سنہ 2019 کے پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیتی تھی۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے آخری پی ایس ایل ایونٹ کا اختتام ایک اور ٹرافی جیتنے کے ساتھ کرنے کا خواہشمند ہوں۔‘
سنہ 2017 کے پی ایس ایل کی ٹرافی پشاور زلمی کی ٹیم نے جیتی تھی جس کے کپتان شاہد آفریدی تھے۔
ادھر کرکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ’اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو چھوڑنا ایک مشکل فیصلہ رہا مگر ٹی 20 کرکٹ میں اپنے مستقبل کو دیکھتے ہوئے جو پاکستان کی ٹیم سے جڑا ہوا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک بہترین فیصلہ ہے۔‘

شیئر: