Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے سیٹ کی تصاویر لیک ہونے پر ہدایت کار پریشان کیوں؟

شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ رواں برس دسمبر میں ریلیز ہو گی (فائل فوٹو: گیٹی)
بالی ووڈ کی آنے والی فلم ’کنگ‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے تاہم اس بار وجہ فلم کی شوٹنگ کے دوران لیک ہونے والی تصاویر ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان تصاویر میں سُپر سٹار شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں شوٹنگ کے دوران ایک ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم ان لیکس کے بعد فلم کے ہدایتکار سدھارتھ آنند نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ فلم کے سیٹ سے غیر مجاز مواد شیئر کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’فلم کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے تاکہ ناظرین کو بہترین سنیما تجربہ فراہم کیا جا سکے، اس لیے ضروری ہے کہ سرپرائز کو بڑے پردے تک محفوظ رکھا جائے۔‘
لیک ہونے والی تصاویر میں شاہ رخ خان کو دھاری دار شرٹ اور سیاہ پینٹ میں جبکہ دیپیکا پڈوکون کو سنہری لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ایک تصویر میں دونوں اداکار ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ اردگرد فلم کا عملہ موجود ہے۔ یہ مناظر بظاہر کسی اہم سین کی شوٹنگ کا حصہ لگتے ہیں۔
یہ تصاویر ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب دیپیکا پڈوکون نے حال ہی میں اپنے دوسرے حمل کی خبر دی ہے، جس کے بعد مداح ان کی پیشہ ورانہ وابستگی کو سراہ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے اداکارہ کی محنت اور توازن کو خوب سراہا۔
فلم ’کنگ‘ کو خاص اہمیت اس لیے بھی حاصل ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان پہلی بار بڑے پردے پر اپنے والد کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔ سہانا اس سے قبل فلم دی آرچیز میں اداکاری  کر چکی ہیں، تاہم یہ ان کی پہلی بڑی سینما ریلیز ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں ابھیشیک بچن، انیل کپور، رانی مکھرجی، ارشد وارثی اور جے دیپ اہلاوت جیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں، جس سے اس پراجیکٹ کی اہمیت اور توقعات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
’کنگ‘ کی شوٹنگ مختلف بین الاقوامی مقامات پر جاری ہے، جن میں کیپ ٹاؤن بھی شامل ہے۔ فلم کی کہانی اور مناظر کو اب تک خفیہ رکھا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ حالیہ لیکس کو فلم کی تشہیری حکمت عملی کے لیے ایک دھچکا تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے اور اسے سال کی سب سے بڑی بالی ووڈ ریلیز میں شمار کیا جا رہا ہے۔ مداح اب بے صبری سے فلم کی آفیشل جھلکوں کا انتظار کر رہے ہیں۔

شیئر: