Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی پر سعودی شہری اور دو غیر ملکی خواتین گرفتار

یمنی خواتین کو سرحد پار کرانے کی کوشش کی جا رہی تھی( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جازان پولیس نے سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والی دو خواتین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے سعودی شہری کو گرفتارکیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان پولیس ترجمان نے بتایا کہ امن عامہ اور سرحدی محافظوں کے گشتی دستے نے الدائر کمشنری میں مقامی شہری کو شک کی بنیاد پر روکا۔
پوچھ گچھ پر پتہ چلا کہ وہ سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والی یمن کی دو خواتین کو اپنی گاڑی کے ذریعے سرحد پار کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ سعودی شہری اوردونوں خواتین کوحراست میں لیا گیا۔ تینوں کو ابتدائی قانونی کارروائی کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔  
ترجمان نے انتباہ کیا کہ جو شخص بھی سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے یا مملکت سے نکلنے کےلیے ٹرانسپورٹ یا رہائش یا پناہ جیسی کوئی سہولت فراہم کرے گا اسے 15 برس تک قید اور دس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو گی۔
ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑی ضبط کر لی جائے گی۔ رہائش یا پناہ کےلیے استعمال ہونے والا گھر بھی ضبط ہو گا، اس کی تشہیر بھی کی جائے گی۔ 

شیئر: