Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کو تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے افغان عوام کی مدد کے لیے پانچ ارب روپے کی امداد مختص کی ہے (فوٹو: پی ایم آْفس)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی برائے افغانستان کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر شریک ہوئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے علاوہ دیگر سینیئر سول و عسکری حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ہنگامی صورت حال اور انسانی المیے سے بچنے کے لیے پاکستان افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے افغان عوام کی مدد کے لیے پانچ ارب روپے کی امداد مختص کی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ’پاکستان کے راستے افغان عوام کو امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔‘
ایپکس کمیٹی کے شرکا نے افغانستان میں ہنگامی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان اتوار کو او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کے خصوصی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس خصوصی اجلاس میں افغان عوام کی مشکلات کو اجاگر کیا جائے گا اور ان کی  مدد کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

شیئر: