Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کے متعدد کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز ملتوی کر دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب یہ سیریز جون 2022 میں منعقد کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مشترکہ بیان میں سیریز منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کیمپ میں پانچ مزید کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ بدھ کو ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد دورہ پاکستان پر موجود سائیڈ کے کل پازیٹو کیسز کی تعداد نو ہو گئی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نو دسمبر کو کراچی پہنچی تھی۔
کرکٹ بورڈز کے مشترکہ بیان کے مطابق جمعرات کو کیے گئے کورونا ٹیسٹوں کے نتائج کے بعد ون ڈے سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے پاس موجود محدود آپشنز کی وجہ سے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز کے حصے کے طور پر کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز ملتوی کی جا رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز اب جون 2022 کی ابتدا میں کھیلی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں ورلڈ کپ کوالیفائر میچوں کے لیے ویسٹ انڈیز کو بہتر ٹیم تشکیل دینے کا موقع ملے گا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی کرنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دونوں ٹیمیں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تیسرے ٹی20 میچ میں مدمقابل ہیں۔
تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے دونوں میچوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

شیئر: