Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل بپن راوت کو ’جنگی مجرم‘ کہنے والی خاتون ضمانت پر رہا

جنرل بپن راوت کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں ان کی اہلیہ سمیت 11 فوجی اہلکار بھی سوار تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست تمل ناڈو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے چیف آف ڈیفنس جنرل بپن راوت کو تنقید کا نشانہ بنانے والی سابق سکول ڈائریکٹر صبا حاجی کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
انڈین نیوز ویب سائٹ بار اینڈ بنچ کے مطابق حاجی پبلک سکول کی سابق ڈائریکٹر نے آٹھ دسمبر کو جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں ’جنگی مجرم‘ قرار دیا تھا۔
صبا حاجی کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈا کے ایگزیکٹو مجسٹریٹ نے ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی تھی۔
ایک سرکاری ملازم کے مطابق ’انہیں ضمانت اس شرط پر دی گئی کہ وہ 14 سے 17 دسمبر تک یعنی تین دن صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ڈوڈا کے خواتین پولیس سٹیشن میں موجود رہیں گی اور 17 دسمبر کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ ڈوڈا کے سامنے پیش ہوں گی۔‘
بہت سے افراد نے مطالبہ کیا تھا کہ ڈوڈا کے حاجی پبلک سکول جہاں وہ ڈائریکٹر اور بطور استاد پڑھاتی تھیں، اسے بند کیا جائے۔
تاہم سکول انتظامیہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’بپن راوت کے بارے میں صبا حاجی کا تبصرہ ادارے کا نقطہ نظر نہیں۔‘
سکول انتظامیہ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج کے ذریعےوضاحت کی تھی کہ ’حاجی پبلک سکول کی انتظامیہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ ایک حالیہ ناگوار میڈیا پوسٹ کا سکول سے کوئی تعلق نہیں ہے اور مذکورہ شخص نے سکول کے ساتھ اپنی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنی انفرادی حیثیت سے (پوسٹ) کیا ہے۔‘
’محترم صبا حاجی کسی بھی حیثیت سے سکول سے وابستہ نہیں ہیں۔‘

جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر ریاست تمل ناڈو کے پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

واضح رہے کہ جنرل بپن راوت سے متعلق سوشل میڈیا پر ’ناگوار‘ پوسٹ کرنے پر آٹھ انڈین شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گرنے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جس نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ’جہنم میں داخل ہونے سے پہلے ہی (راوت) زندہ جل گیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر متعلقہ شخص کو دو افراد کے ہمراہ ریاست راجستھان سے گرفتار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جنرل بپن راوت ریاست تمل ناڈو کے پہاڑی علاقے میں واقع ملٹری کالج جا رہے تھے جب ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ہیلی کاپٹر میں ان کی اہلیہ سمیت 11 فوجی اہلکار بھی سوار تھے۔

شیئر: