Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات جانے والے مسافروں کو 5 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنا ہوگا

ترجمان کے مطابق ’مسافروں کے لیے ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) نے دبئی، شارجہ اور ابوظبی جانے والے مسافروں کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر تے ہوئے مسافروں کو فلائٹ سے 5 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔  
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’عمومی طور پر بین الاقومی پروازوں کے مسافروں کو تین گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی جاتی ہے، تاہم متحدہ عرب امارات حکام کی جانب سے فلائٹ سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کے باعث مسافروں کو 5 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہچنے کی ہدایت کی ہے۔‘  
ترجمان کے مطابق ’سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کے لیے ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کر رکھی ہیں اور مسافروں کے بڑھتی تعداد کے باعث ایئر پورٹس خصوصی اسلام آباد ایئر پورٹ پر رش بڑھ جاتا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے مسافروں کو 5 گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔‘  
سیف اللہ خان نے مزید کہا کہ ’ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج آدھے گھنٹے میں مسافروں کو ایئر پورٹ پر فراہم کیے جارہے ہیں۔‘  
دوسری جانب برطانیہ اور یورپ میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے برطانیہ سے براہ راست اور ٹرانزٹ فلائٹ کے ذریعے آنے والے مسافروں کے لیے بھی نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔  
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ’برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر پاکستان پہنچنے پر ایئر پورٹ پر ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کروانے کی شرط عائد کر دی گئی ہے۔‘  
ترجمان کے مطابق ’برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر یہ شرط عائد کرنے کا فیصلہ این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 21 دسمبر سے شروع کر دیا گیا ہے۔‘  
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگانے والے مسافروں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔‘  
 

شیئر: