امارات میں داخلے کے لیے پاکستان کے اہم ایئرپورٹس پر ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغاز
’کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے ایئرپورٹس پر ٹیسٹ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی لازمی شرط پر ملک کے اہم ہوائی اڈوں پر ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پیر کے روز سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ریپیڈ پی سی آر ٹیسٹ متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے ملک میں داخلے کے لیے لازم قرار دیا گیا تھا۔‘
’کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور، فیصل آباد، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے ایئرپورٹس پر ٹیسٹ کی سہولت کا آغاز کردیا گیا ہے۔‘
سی اے اے کے مطابق ’ٹیسٹ کے آغاز سے اب تک اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دس پروازوں کے ذریعے 2050 مسافر متحدہ عرب امارات روانہ ہوچکے ہیں۔‘
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک آٹھ پروازوں کے ذریعے 1626 مسافر متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک 14 پروازوں کے ذریعے 2561 مسافر متحدہ عرب امارات گئے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک چھ پروازوں کے ذریعے 1742 مسافر متحدہ امارات کے لیے روانہ ہوئے۔
ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک چھ پروازوں کے ذریعے 938 مسافر متحدہ عرب امارات گئے ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک دو پروازوں کے ذریعے 277 مسافر یو اے ای روانہ ہوئے ہیں۔
کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی ریپڈ پی سی آر کی سہولت موجود ہے اور 18 اگست سے معمول کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے پرواز روانہ ہو گی۔
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک پندرہ پروازوں کے ذریعے 2801 مسافر متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے ہیں۔
مجموعی طور پر اب تک 63 پروازوں کے ذریعے 11 ہزار 995 مسافر سفر کرچکے ہیں جن میں سے 8 ہزار 910 مسافروں کا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ائیرپورٹس پر کیا گیا۔