Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیپی برتھ ڈے معین اختر، ’دل کی سرجری کے بعد مریض بچوں کے شو کے لیے پہنچ گیا‘

پاکستانی اداکار اور طنز و مزاح کے بادشاہ کہلائے جانے والے معین اختر کا آج 71 واں جنم دن منایا جارہا ہے۔
معین اختر نے 16 سال کی عمر میں اپنے ایکٹنگ کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک پاکستان میں مختلف ٹی وی چینلز کے ساتھ کام کرتے رہے اور انور مقصود کے ساتھ ان کے پروگرام ’لوز ٹاک‘ نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔
انہیں اپنے کیریئر میں ستارہ امتیاز اور پرائڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ ان کے پرستاروں کی تعداد دنیا میں آج بھی ہزاروں میں ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ان کے اس دنیا سے چلے جانے کے 10 برس بعد بھی نہ صرف ان کے پرستار انہیں یاد کررہے ہیں بلکہ گوگل بھی اداس چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دینے والے کو نہ بھولا۔
معین اختر کی برتھ ڈے یاد رکھنے پر سوشل میڈیا صارفین بھی گوگل کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
ٹوئٹر پر مہوش اعجاز نامی صارف نے معین اختر کے حوالے سے لکھا کہ ’آپ ہمیں بہت جلد چھوڑ گئے لیکن آپ اپنے فن کے ذریعے ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘

گوگل کے لیے یہ ’ڈوڈل’ لاہور میں مقیم پاکستانی آرٹسٹ حازم آصف نے بنایا ہے۔
گوگل نے معین اختر کے حوالے سے ایک واقعے کا ذکر بھی کیا۔
گوگل کے مطابق ان کے دل سرجری کے صرف 14 دن بعد وہ ہسپتال میں موجود لوگوں کو چکمہ دے کر خاموشی سے وہاں سے نکل گئے۔
’مریض اپنی کار میں بیٹھا، اپنا لباس تبدیل کیا اور تین گھنٹے گاڑی چلانے کے بعد ایک شو کے لیے حیدرآباد پہنچ گیا۔ وہ کینسر میں مبتلا بچوں کے لیے منعقد کیا جانے والا ایک شو تھا۔‘
معین اختر نے کامیابی سے وہ فنڈ ریزنگ شو پورا کیا اور اس کے بعد ایک بار پھر انہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔
گوگل کے لیے یہ ’ڈوڈل‘ بنانے والے آرٹسٹ حازم آصف کہتے ہیں کہ یہ تصویر انہوں نے صرف معین اختر کے جنم دن کے لیے نہیں بنائی بلکہ اس کا مقصد ان کی زندگی کا جشن منانا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں