Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں اومی کرون کا پہلا کیس، مزید ٹریسنگ کا عمل جاری

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے حکام کے مطابق مریض کی بیرون ممالک کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آیا ہے جس کے بعد  ٹریسنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
سنیچر کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ ’اسلام آباد کے شہری میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے حکام کے مطابق مریض کی بیرون ممالک کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے، تاہم مریض کی صرف کراچی کی ٹریول ہسٹری ہے۔
 
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس او پیز کو فالو کریں اور جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔  
حکام کے مطابق مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم اس کی کنٹیکٹ ٹریسنگ جاری ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیاء نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’اومی کرون ڈیلٹا ویریئنٹ سے زیادہ خطرناک ہے، کیونکہ یہ اس سے دوگنا رفتار میں ایک سے دوسرے مریض کو منتقل ہوتا ہے۔ ہمیں اومی کرون کو بہت سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں اومی کرون کے پہلے کیس کی تصدیق 13 دسمبر کو کراچی میں ہوئی تھی جہاں ایک خاتون وائرس سے متاثر ہوئی تھیں جو نجی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد صحت یاب ہوئیں۔

شیئر: