Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2021 کے دوران دنیا بھر میں 46 صحافی قتل، ’صحافیوں کی ہلاکتوں میں کمی خوش آئند‘

2021 کے دوران میکسیکو میں آٹھ، انڈیا میں چار اور پاکستان میں تین صحافی مارے گئے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کا کہنا ہے کہ سال 2021 کے دوران دنیا بھر میں 45 صحافیوں کو قتل کیا گیا جو کہ اب تک کسی بھی سال کے دوران قتل ہونے والے صحافیوں کی کم ترین تعداد ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آئی ایف جے کے اعداد و شمار گزشتہ ہفتے رپورٹر وداؤٹ فرنٹیئرز (آر ایس ایف) کی جانب سے جاری اعداد کے قریب تر ہے جن کے مطابق 2021 کے دوران دنیا بھر میں 46 صحافی مارے گئے۔
آر ایس ایف کے مطابق بھی یہ تعداد 1995 کے بعد سے اب تک کسی بھی سال کے دوران مارے گئے صحافیوں کی کم ترین تعداد ہے۔  خیال رہے آر ایس ایف نے صحافیوں کے قتل کے اعداد و شمار 1995 سے جمع کرنا شروع کر دیا تھا۔
برسلز میں واقع آئی ایف جے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گو کہ صحافیوں کے قتل میں یہ کمی خوش آئند بات ہے تاہم جاری تشدد کے سامنے یہ معمولی ریلیف ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں افغانستان کے نو صحافی بھی شامل ہیں جو کہ کسی ایک ملک میں سال کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
2021 کے دوران میکسیکو میں آٹھ، انڈیا میں چار اور پاکستان میں تین صحافی مارے گئے۔
آئی ایف جے کے مطابق میڈیا ورکرز کو عموماً اپنے ملکوں، شہروں اور کمیونٹیوں میں کرپشن، جرائم اور طاقت کے غلط استعمال کو بے نقاب کرنے پر قتل کیا جاتا ہے۔
آئی ایف جے کے اعداد و شمار کے مطابق میڈیا ورکرز کی ہلاکت کے حوالے سے ایشیا پیسفک ریچن جس میں افغانستان بھی شامل ہے، بدترین رہا  جہاں مذکورہ عرصے کے دوران 20 صحافی مارے گئے۔
امریکہ کے خطے میں 2021 کے دوران 10 صحافی، افریقہ میں آٹھ، یورپ میں چھ اور مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں صرف ایک صحافی قتل ہوا۔
آئی ایف جے کے سیکریٹری جنرل انتھونی بیلنگر نے صحافیوں کے قتل پر احتساب کو یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے لیے کنونشن منظور کرنے پر زور دیا ہے۔

شیئر: