Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نئے سال پر ٹھاہ، ٹُھو، ٹُُھس ۔۔۔۔ ایڈے تُسی ریمبو‘

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جو گولی اوپر جاتی ہے وہ نیچے بھی آتی ہے اور کسی کو لگ بھی سکتی ہے (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے نئے سال کے پہلے روز ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جو گزری رات سے متعلق ہے۔ 57 سکینڈ پر مشتمل کلپ میں انہوں نے کئی اچھی باتیں کیں اور اپنا مخصوص پنجابی کا طنز بھی استعمال کیا ہے۔
سنیچر کی صبح مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سابق کرکٹر عام لوگوں سے مخاطب ہیں۔
کسی کھلے مقام پر بنائی جانے والی اس ویڈیو میں وسیم اکرم صبح بخیر کہنے کے بعد سب کو نئے سال کی مبارک باد بھی دیتے ہیں اور پھر کہتے ہیں ’مجھے ایک ریکوئسٹ کرنی ہے، جو بہت ضروری ہے۔‘
وسیم اکرم کہہ رہے ہیں کہ ’کیا ہم اپنے بچوں کو سمجھائیں گے کہ وہ دکھاوا اور خودنمائی بند کر دیں، شو آف کرنا بند کر دیں۔‘
انہوں نے سال کی آخری رات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’رات کے 12 بجے جا کے ٹھاہ، ٹھو، ٹھس۔‘ ساتھ ہی انہوں نے ایسا کرنے والوں پر مخصوص پنجابی انداز میں طنز کرتے ہوئے کہا ’ایڈے تسی ریمبو۔‘
انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ’اگر کرنا ہی ہے تو چھوٹی موٹی آتش بازی کر لو، جیسے پھلجڑیاں، پٹاخے اور انار چلا لو، جیسا کہ میں نے پچھلی دفعہ اپنی بیٹی کے ہمراہ کیا تھا۔‘
بقول ان کے ’یاد رکھیں جس گولی نے اوپر جانا ہے، اس نے نیچے بھی آنا ہے، وہ کسی کو بھی لگ سکتی ہے جو آپ کا رشتہ دار بھی ہو سکتا ہے۔‘
وسیم اکرم نے کہا کہ ’بطور قوم ہمیں خود کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، مگر ایسا نہیں ہو رہا، ہم ابھی تک 70 کی دہائی والی چیزیں کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے پیغام کو سمجھا جائے گا اور اختتام ان الفاظ پر کیا ’آپ کا یہ سال اچھا گزرے۔‘
امجد چوہدری نے وہی پنجابی انداز اپناتے ہوئے اذراہ تفنن جواب دیا ’پائین (بھائی جان) نئے سال کی رات گزر چکی ہے۔‘
وی بی کے نام سے بنے ہینڈل سے سراہتے ہوئے جواب دیا گیا ’بہت خوب پھا جی، آپ نے ہمیشہ میدان میں بھی متاثر کیا ہے اور میدان سے باہر بھی۔‘

مہوش اختر نے جواب میں پی سی بی کے موجودہ چیئرمین اور سابق کرکٹر رمیز راجہ کی ماضی کی ایسی تصویر لگائی، جس میں انہوں نے ریمبو کا گیٹ اپ کر رکھا ہے اور بندوق اٹھائی ہوئی ہے۔
انہوں نے ساتھ فقط لفظ ’ریمبو‘ لکھا۔

وسیم اکرم کے پیغام پر آ بوائے از ناٹ نو ون اتفاق کرتے ہوئے کچھ اختلاف کا بھی اظہار کیا۔
’اچھا پیغام ہے، لیکن میں آتش بازی کے بھی خلاف ہوں، کیونکہ اس سے پرندے خوفزدہ ہوتے ہیں، اس سے پرندے مر بھی سکتے ہیں اور گھونسلوں کو چھوڑ کر جا بھی سکتے ہیں جس سے ان کے بچے بھوکے رہ جاتے ہیں۔ اس آتش بازی کے سامان کی تیاری میں بچوں سے بھی مشقت لی جاتی ہے، جبکہ اس سے آلودگی بھی ہوتی ہے۔‘

عمر فاروق نے پنجابی میں وسیم اکرم سے درخواست کر ڈالی۔
’وسیم بھائی اے ہی میسیج پنجابی وچ ریکارڈ کرا کے بھیج دیو، تسی پنجابی بولدے بڑے چنگے لگدے او۔‘

شیئر: