Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے: عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں کشمیر میں رائے شماری کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا اور مودی حکومت ڈھٹائی سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی کنونشنز بشمول جنیوا کنونشن کے، بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’انڈیا کشمیر کی حیثیت اور آبادی کا تناسب تبدیل کر کے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔‘
عمران خان نے بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انڈیا کی جانب سے ہونے والے جنگی جرائم کے خلاف ایکشن لینا چاہیے کیونکہ کشمیری ابھی تک انڈین قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ’پاکستان کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔‘
آج پانچ جنوری کو کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کمشیری یوم خود ارادیت منا رہے ہیں۔
5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ میں قرارداد پاس ہوئی تھی کہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے گا۔

شیئر: