Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم انڈسٹری آپ کے لیے مہربان نہیں ہے: لارا دتا

لارا دتا کا کہنا ہے کہ ’اب لوگ میری صلاحیتوں کو دیکھتے ہیں‘ (فوٹو: لارا دتا انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ لارا دتا کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری ان کی عمر کی خواتین اداکاراؤں پر زیادہ مہربان نہیں ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ لارا دتا نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’بطور ایک اداکارہ، میں محسوس کرتی ہوں میری عمر نے مجھے آزاد کیا ہے۔ اس سے مجھے گلیمرس کرداروں میں آنے کی لوگوں کی توقعات سے آزادی ملی ہے کیونکہ میں سابقہ مس یونیورس رہ چکی ہوں۔‘
لارا دتا نے انڈین ویب سائٹ فرسٹ پوسٹ کو انٹرویو میں کہا کہ ’40 سال کی عمر کے حصے میں قدم رکھنا میرے لیے بطور اداکارہ بہترین وقت ہے۔ اب لوگ میری صلاحیتوں کو دیکھتے ہیں۔ میں جو کردار نبھا رہی ہوں ان میں گہرائی ہے۔ تاہم میں اس بات کا اعتراف کروں گی کہ انڈسٹری آپ کے لیے مہربان نہیں ہے اور یہ خواتین کو خوش اسلوبی سے بڑی عمر میں ڈھلنے نہیں دیتی۔‘
انہوں نے انڈسٹری میں کام کرنے والی بڑی عمر کی اداکاراؤں کے بارے میں  لوگوں کے تبصروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے پاس کاجول (دیوگن)، مادھوری (ڈکشیت)  اور رانی (مکرجی) جیسی قابل اداکارائیں ہیں اور ان سمیت میں بھی جب سکرین پر آتی ہوں تو لوگ ایسے تبصرے کرتے ہیں کہ ’اب بڈھی لگنے لگی ہے یا یار اب موٹی ہو گئی ہے۔‘

لارا دتا نے کہا کہ  ’40 سال کی عمر کے حصے میں قدم رکھنا میرے لیے بطور اداکارہ بہترین وقت ہے‘ (فوٹو: انسٹاگرام)

لارا کے بقول ’مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ناظرین بھی اداکاراؤں کو خوش اسلوبی سے بڑی عمر کی جانب بڑھنے کی آزادی نہیں دیتے لیکن میرا خیال ہے کہ ہم سے پہلے کی ادکارائیں ہمارے لیے کرداروں کو دوبارہ لکھ رہی ہیں۔ نینا گپتا، رتنا پھاٹک شاہ کو دیکھیں وہ ہمیں متاثر کرتی ہیں۔ وہ شاندار کام کر رہی ہیں۔‘
لارا دتا زی فائیو کی سیریز ’کون بنے گی شکھروتی‘میں راجکماری دیویانی کے کردار میں نظر آئیں گی۔ اس شو کی کاسٹ میں نصیر الدین شاہ، سوہا علی خان، کارتک کامرا اور انیہ سنگھ شامل ہیں۔

شیئر: