Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نلنی جے ونت: وہ اداکارہ جنہوں نے اپنی خوبصورتی میں مدھوبالا کو پیچھے چھوڑ دیا

دلیپ کمار نے کہا تھا کہ انہوں نے نلنی جےونت سے زیادہ بہتر اداکارہ کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا (فوٹو: پنٹریسٹ)
انڈین سینما کی تاریخ میں آج تک کی سب سے خوبصورت اداکارہ کی فہرست میں سب سے پہلے مدھوبالا کا نام لیا جاتا ہے، لیکن ایک ایسی اداکارہ بھی رہی ہیں جو اپنی کامیابیوں کی بلندی پر ناظرین کے حواس پر کچھ ایسی چھائی تھیں کہ انہیں اس وقت کرائے گئے ایک سروے میں مدھوبالا سے زیادہ خوبصورت قرار دیا گیا تھا۔
یہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ نلنی جےونت تھیں۔ اگرچہ نلنی جےونت سے آج کی نسل نابلد ہے لیکن ان کا اتنا تعارف کافی ہے کہ وہ معروف اداکارہ تنوجا کی خالہ تھیں اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ تنوجا آج کی معروف اداکارہ کاجول کی والدہ ہیں۔
لیکن نلنی جےونت کا یہ تعارف اس وقت تک ادھورا ہے جب تک کہ ادکاری کے آفتاب دلیپ کمار کا وہ قول نقل نہیں کیا جائے جس میں انہوں نے یہ اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے نلنی جےونت سے زیادہ بہتر اداکارہ کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا۔

 

انڈین سینما کی تاریخ پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ نلنی جےونت ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جن کی چمک وقت کے ساتھ کافی کم ہو گئی یہاں تک کہ ان کی موت گمنامی میں ہوئی۔
انہوں نے 1940 اور 50 کی دہائی میں اپنے حسن اور اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ ایک وقت تھا جب ان کی مسکراہٹ، اداؤں اور سادگی نے لاکھوں دلوں کو موہ لیا تھا۔
اس وقت ان کی خوبصورتی کا موازنہ مدھوبالا جیسی لیجنڈ اداکارہ سے کیا جاتا تھا۔ مزید برآں 1952 میں جب ایک مشہور فلم میگزین نے حسین ترین اداکارہ کا ایک پول کرایا تو نلنی جےونت نے مدھوبالا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ اس وقت کسی معجزے سے کم نہیں سمجھا گیا۔
ان کے والد فلمی دنیا کو ناپسند کرتے تھے اس لیے نلنی کے لیے مشکلات کچھ زیادہ ہی تھیں۔ ہم آج ان کا ذکر اس لیے کر رہے ہیں کہ وہ پورے 100 سال قبل آج ہی کے دن یعنی 18 فروری 1926 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایک مراٹھی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کے والد کسٹم افسر تھے اور فلمی دنیا کو ناپسند کرتے تھے۔
اس کے باوجود نلنی بچپن سے ہی موسیقی اور رقص کی طرف مائل تھیں۔ انہوں نے کلاسیکی موسیقی کی تربیت بھی حاصل کی۔ ان کے خاندان کا فلمی دنیا سے گہرا تعلق تھا۔ وہ مشہور اداکارہ شوبھنا سامرتھ کی کزن تھیں جو اداکارہ تنوجا کی والدہ تھیں۔ اس طرح وہ سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی نوتن کی بھی خالہ ہوئی ہیں۔

نلنی نے انڈین فلم انڈسٹری کے پہلے سٹار اشوک کمار کے ساتھ پے در پے کئی یادگار فلمیں دیں (فوٹو: انڈین ایکسپریس)

ان کی فلموں میں آنے کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ نوتن کی سالگرہ کی تقریب میں ایک پروڈیوسر نے 14 سال کی عمر میں نلنی کو دیکھا اور انہیں فلموں میں آنے کی دعوت دی اور انہیں 1941 میں آنے والی فلم ’رادھیکا‘ میں کاسٹ کیا گیا۔
اس کے بعد انہیں معروف فلم ساز اور ہدایتکار محبوب خان نے پہچانا اور انہیں بطور لیڈ ادکارہ کردار کی پیشکش کی اور انہوں نے 1941 میں آنے والی ان کی فلم ’بہن‘ میں بطور اداکارہ اپنے آپ کو منوایا۔
وہ اس وقت نو خیز تھیں لیکن کیمرے کے سامنے ان کا اعتماد قابل دید تھا۔ فلموں میں ان کی اداکاری نے ناظرین کو یہ باور کرایا کہ نلنی نہ صرف خوبصورت ہیں بلکہ ایک شاندار اداکارہ بھی ہیں۔ آہستہ آہستہ ان کی شہرت انڈسٹری میں پھیلنے لگی۔
1950 کی دہائی میں ان کا کیریئر اس وقت عروج پر پہنچا جب انہوں نے انڈین فلم انڈسٹری کے پہلے سٹار اشوک کمار کے ساتھ پے در پے کئی یادگار فلمیں دیں۔
1950 کی دہائی کے ابتدائی سالوں میں اشوک کمار کے ساتھ ان کی جوڑی کو شائقین نے بہت پسند کیا۔ فلم ’سمادھی‘ اور ’سنگرام‘ جیسی فلموں نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔

اشوک کمار کے علاوہ سدا بہار اداکار دیو آنند کے ساتھ بھی ان کی جوڑی کو کافی سراہا گیا (فوٹو: پنٹریسٹ)

1950 میں نلنی جےونت نے ہدایت کار گیان مکھرجی کی ’سنگرام‘ میں اپنے بولڈ امیج سے سنسنی پیدا کی۔ اس دور میں ان کی خوبصورتی اس قدر مشہور ہوئی کہ انہیں فلم فیئر میگزین کے بیوٹی پول میں ملک کی سب سے خوبصورت اداکارہ قرار دیا گیا۔
اس سروے میں مدھوبالا جیسے بڑے سٹار کو پیچھے چھوڑنا اس بات کا ثبوت تھا کہ نلنی جےونت اس وقت ناظرین کے دلوں پر راج کر رہی تھیں۔
نلنی نے اس کے بعد کئی کامیاب فلموں میں کام کیا ۔ ’جل پری، ’سلونی‘، ’قافلہ‘، ’ناز، ’لکیریں، ’نو بہار‘، ’شیرو اور ’مسٹر ایکس‘ ان کی یادگار فلمیں ہیں۔ ان فلموں کے ناموں سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ان پر کس قدر مبنی رہی ہوں گی۔
نلنی جےونت نے نہ صرف اداکاری کی بلکہ اپنی کئی فلموں میں گانے بھی گائے۔
اشوک کمار کے علاوہ سدا بہار اداکار دیو آنند کے ساتھ بھی ان کی جوڑی کو کافی سراہا گیا۔ ان دنوں کی فلم ’ہندوستان ہمارا‘، ’راہی‘، ’منیم جی‘ اور ’کالا پانی‘ کو بہت پزیرائی حاصل ہوئی۔
دلیپ کمار کے ساتھ ان کی فلم ’شکست‘ دونوں کی بے مثال اداکاری کے لیے یاد کی جاتی ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ناراض محبوبہ اور زمین دارن کا کردار ادا کیا ہے جو اپنی ناکام محبت کا سارا غصہ اپنی رعایا پر نکالتی ہے۔

1960 کی دہائی کے بعد نلنی کو وہ کردار ملنا بند ہو گئے جو ان کے پاس پہلے پہنچتے تھے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)

اشوک کمار کے ساتھ ان کا معاشقہ اس زمانے کے میگزن میں خاصا گرم رہا۔ کہا جاتا ہے کہ ایک وقت اشوک کمار ان کے ساتھ سب سے دور نیپال جانے کے لیے بھی تیار ہو گئے تھے لیکن چونکہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھے اس لیے ان میں دوریاں آتی گئيں۔
بہر حال وقت کے ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی تبدیلی آنا شروع ہو گئی اور 1960 کی دہائی کے بعد نلنی کو وہ کردار ملنا بند ہو گئے جو ان کے پاس پہلے پہنچتے تھے۔
1965 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بمبئی ریس کورس‘ کے بعد وہ فلموں سے کنارہ کش ہوگئیں۔ تقریباً 18 سال بعد انہوں نے ایک بار پھر فلموں میں واپسی کی۔ اس بار وہ امیتابھ بچن کی فلم ’ناستک‘ میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے امیتابھ بچن کی ماں کا کردار ادا کیا۔ اس کے بعد وہ اداکاری سے مکمل ریٹائر ہو گئیں۔
ان کے مطابق انہوں نے یہ فلم قبول کر کے بہت غلطی کی تھی کیونکہ انہیں جو بتایا گیا تھا اور انہیں جو کردار پیش کیا گیا تھا فلم اس سے بہت مختلف نکلی۔
نلنی جےونت کی ذاتی زندگی آسان نہیں تھی۔ انہوں نے دو بار شادی کی، لیکن کوئی اولاد نہیں ہوئی۔ ان کی پہلی شادی سنہ 1945 میں ہدایت کار وریندر دیسائی سےہوئی جو  چند سال بعد ختم ہوگئی۔ اس کے بعد انہوں نے 1960 میں اداکار پربھو دیال سے شادی کی۔

نلنی جےونت کی زندگی کی کہانی اسی طرح کی کئی افسوسناک کہانیوں میں سے ایک ہے (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

اپنے دوسرے شوہر پربھو دیال کی موت کے بعد وہ بالکل اکیلی ہو گئیں۔ نلنی جےونت 22 دسمبر 2010 کو 84 سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئيں۔ لیکن ان کی موت کا انکشاف موت کے تین دن بعد ہوا جو کہ اس اداکارہ کی زندگی کا المیہ تھا جو کبھی لاکھوں دلوں پر راج کر رہی تھی۔
دلیپ کمار سے جب ان کی 90 ویں سالگرہ پر ہندوستان ٹائمز کے صحافی نے ایک انٹرویو میں پوچھا کہ ان کی پسندیدہ ساتھی اداکار کون رہیں؟ انہوں نے کہا کہ ’میں نے ہمیشہ نلنی جےونت کو ایک مضبوط ساتھی اداکارہ کے طور پر درجہ دیا ہے۔ وہ واحد اداکارہ تھیں جو فائنل ٹیک میں مجھے حیران کر سکتی تھیں اگر میں ان کی قدرتی بے ساختگی کے متعلق کافی چوکنا نہ ہوتا۔‘
نلنی جےونت کی زندگی کی کہانی اسی طرح کی کئی افسوسناک کہانیوں میں سے ایک ہے جو بالی وڈ کی تمام چمک دمک اور گلیمر میں کہیں پس پشت چلی جاتی ہے۔

 

شیئر: