Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریستورانوں میں ٹیبل پر انتہائی حد کی پابندی ختم

کارکنان ڈیوٹی کے دوران ناک اور منہ ڈھکنے کا اہتمام کریں- (فوٹو سبق)
وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے گاہکوں کو نئے کورونا وائرس سے بچانے کے لیے مقرر پابندیوں کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔ 
سبق، عاجل اور اخبار 24 کے مطابق وزارت بلدیات نے ایک ٹیبل پر انتہائی حد کی پابندی منسوخ کر دی۔ آئندہ ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل کے درمیان تین میٹر کا فیصلہ ضروری قرار دے دیا گیا۔
وزارت بلدیات نے ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے لیے مقرر ایس او پیز کو تین نکات کی صورت میں اپ ڈیٹ کیا ہے جو یہ ہیں۔
ریستورانوں کے اندر ٹیبل سسٹم بحال کردیا گیا۔ دروازوں پر کنٹرولر کی تعیناتی لازمی کردی گئی جو خودکار سسٹم کے ذریعے بارِکوڈ کی کارروائی بھی کرائیں گے۔
گاہکوں کے لیے ماسک کا استعمال ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کارکنان کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران ناک اور منہ ڈھکنے کا اہتمام کریں۔ اوپن بوفے کے گاہکوں کو کھانا پیش کرنے کرنے کے لیے انچارج تعینات کرنے کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔
سینیٹائزر کی فراہمی ہاتھ دھونے کے لیے ضروری کر دی گئی ہے۔ ملازمین کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ بار بار ہاتھ دھوتے رہیں اور الیکٹرانک مینو پیش کرنے کا اہتمام کیا جائے۔
باورچی خانے میں ملازمین کی تعداد کم ہو۔ بھیڑ بھاڑ سے گریز کیا جائے۔ سماجی فاصلے کی پابندی کی جائے۔ ڈشیں تیار کرنے اور تقسیم کرنے والے سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔ ریستورانوں میں ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل کے درمیان کم از کم تین میٹرکا فاصلہ رکھا جائے۔ اگر اس پابندی پر عمل درآمد مشکل ہو تو ایسی صورت میں ریستوران کو ٹیبل سسٹم بحال نہیں کرنے دیا جائے گا۔
دریں اثنا وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے بند قہوہ خانوں میں شیشہ اور حقہ پیش کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ اس سے قبل وزارت نے پابندی لگائی تھی کہ شیشہ اور حقہ صرف کھلے مقامات پر پیش کیا جائے بند مقامات پر نہیں۔ وزارت نے تمباکو مصنوعات فراہم کرنے والوں کے لیے کورونا ایس او پیز سے متعلق اپ ڈیٹ جاری کردیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت بلدیات نے پابندی لگائی ہے کہ دکان کے اندر تمباکو مصنوعات کو خلط ملط کرنے کی اجازت نہیں۔ دوسری پابندی یہ عائد کی گئی ہے کہ شیشہ اور حقہ کے آلات صرف ایک بار ہی استعمال کیے جائیں ایک سے زیادہ بار نہیں۔
تیسری پابندی یہ عائد کی گئی ہے کہ بند مقامات پر ہوا کے اخراج کا بندوبست کیا جائے۔ چوتھی پابندی یہ ہے کہ تمباکو کے لوازمات اور آلات کی صفائی اور دھلائی کا انتظام کیا جائے۔
وزارت نے مذکورہ پابندیاں معاشرے کی صحت و سلامتی کے تحفظ، وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور تمباکو نوشی نہ کرنے والوں کو تمباکو نوشی کے مسائل سے بچانے اور خدمت کا معیار بلند کرنے کی غرض سے مقرر کی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: