Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نیوزی لینڈ دوبارہ بیٹنگ کرے اور راس ٹیلر سے اوپننگ کروائے‘

راس ٹیلر اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے بیٹسمین راس ٹیلر بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور جب وہ اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ کرنے آئے تو مہمان کھلاڑی پہلے سے ہی ان کی آمد کے منتظر تھے۔
بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ساتھ مل کر ان کا استقبال کیا اور انہیں ’گارڈ آف آنر‘ پیش کیا۔
واضح رہے راس ٹیلر پچھلے سال دسمبر کے ماہ میں اعلان کرچکے ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز اور آسٹریلیا اور نیدرلینڈ کے خلاف چھ ون ڈے ان کے کیریئر کے آخری میچز ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 521 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی اور اس کے جواب میں مہمان ٹیم صرف 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر راس ٹیلر کے مداح کیوی کپتان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ فالو آن نافذ کرکے بنگلہ دیش کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت نہ دیں بلکہ خود بیٹنگ کریں تاکہ راس ٹیلر کو اس میچ میں ایک بار پھر بیٹنگ کرنے کا موقع مل سکے۔

کچھ صارفین نے تو اپنے پسندیدہ بیٹسمین کو آخری ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے نیوزی لینڈ کے کپتان سے یہ بھی درخواست کی کہ ’نیوزی لینڈ کو دوبارہ بیٹنگ کرنی چاہیے اور راس ٹیلر سے اوپننگ کروانی چاہیے۔‘

راس ٹیلر کے کیریئر پر ایک نظر

راس ٹیلر نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 233 میچز کھیلے اور 21 سینچریوں اور 51 نصف سینچریوں کی مدد سے آٹھ ہزار 581 رنز بنائے۔
صرف پاکستان کے خلاف انہوں نے 27 میچ کھیلے اور تین سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 71 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف ان کا سب سے زیادہ سکور 131 ہے اور رنز بنانے کی اوسط 63.00 رہی۔
بات کی جائے ٹیسٹ کیریئر کی تو راس ٹیلر نے 111 ٹیسٹ میچز میں 19 سینچریوں اور 35 نصف سینچریوں کی مدد سے اب تک سات ہزار 655 رنز بنائے۔
پاکستان کے خلاف انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں دو سینچریاں اور آٹھ نصف سینچریاں سکوں کیں۔
ٹی20 کرکٹ میں بھی ان کا بلا رنز اگلتا رہا۔ 102 میچوں میں انہوں نے سات نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 909 رنز بنائے۔

شیئر: