Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ورلڈ کلاس‘ روس ٹیلر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

روس ٹیلر کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین روس ٹیلر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
جمعرات کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں ٹیلر کا کہنا تھا کہ وہ آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہے ہیں اور بنگلہ دیش کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچ اور آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے خلاف چھ ون ڈے ان کے کیریئر کے آخری میچز ہوں گے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’17 سال مجھے سپورٹ کرنے کا شکریہ، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔‘
روس ٹیلر نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 233 میچز کھیلے اور 21 سینچریوں اور 51 نصف سینچریوں کی مدد سے آٹھ ہزار 581 رنز بنائے۔
صرف پاکستان کے خلاف انہوں نے 27 میچ کھیلے اور تین سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 71 رنز بنائے۔ پاکستان کے خلاف ان کا سب سے زیادہ سکور 131 ہے اور رنز بنانے کی اوسط 63.00 رہی۔
بات کی جائے ٹیسٹ کیریئر کی تو روس ٹیلر انہوں نے 110 ٹیسٹ میچز میں 19 سینچریوں اور 35 نصف سینچریوں کی مدد سے سات ہزار 584 رنز بنائے۔
پاکستان کے خلاف انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں دو سینچریاں اور آٹھ نصف سینچریاں سکوں کیں۔
ٹی20 کرکٹ میں بھی ان کا بلا رنز اگلتا رہا۔ 102 میچوں میں انہوں نے سات نصف سینچریوں کی مدد سے ایک ہزار 909 رنز بنائے۔
روس ٹیلر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ وہ ایک ’ورلڈ کلاس پلیئر‘ ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کوچ گیری سٹیڈ نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’روس ہمیشہ ٹیم کے ایک بہت محترم رکن رہے ہیں اور ہم ان کی کنٹربیوشن پر ہمیشہ شکرگزار رہیں گے۔‘
اگر روس ٹیلر کے ون ڈے کیریئر کی بات کی جائے تو ان کی 2011 کے ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف دھواں دار بیٹنگ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انہوں نے اس میچ میں 124 گیندوں پر 131 رنز بنائے تھے اور دنیا کے تیز رفتار ترین بولر شعیب اختر کے ایک اوور میں 28 رنز بنائے تھے۔
روس ٹیلر کے پاس ایک اعزاز یہ بھی ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں 100 میچز کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔
سابق ویسٹ انڈین فاسٹ بولر این بشپ کہتے ہیں کہ انہوں نے روس ٹیلر کے ساتھ کچھ وقت گزارا ہے اور وہ یہی سوچتے تھے کہ وہ کتنی اچھی شخصیت کے مالک ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں