Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی کی والدین اور اساتذہ کو بچوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کی تجویز

شاہد آفریدی نے تلقین کی کہ بچوں کی محبت میں اندھا ہونے سے بچا جائے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد خان آفریدی نے تعلیمی اداروں میں نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر والدین اور اساتذہ کو تجویز دی ہے کہ وہ بچوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرائیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے یوٹیوب چینل پر والدین اور اساتذہ کے نام جاری پیغام میں کہا کہ سکول، کالج اور یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم طلبہ اور کے والدین کو اکثر منشیات کی وجہ سے پریشان ہوتے دیکھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں، بچوں میں ڈرگز کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔  میں بھی اپنے بچوں سے بہت محبت کرتا ہوں آپ بھی ایسا ہی کرتے ہیں لیکن یہ محبت ایسی ہونی چاہیے کہ ہمیں اندھا نہ کر سکے۔
’بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے اوپر ہماری نظر ہونی چاہیے‘ کی تجویز دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’تمام فیملیز اور اساتذہ سے درخواست ہے کہ تعلیمی ادارے میں اس بات کو لازم کریں کہ سال میں کم ازکم دو مرتبہ بچے کا ڈوپ ٹیسٹ ضرور کیا جائے۔
پیغام کے آخر میں ان کا کہنا تھا کہ ’خدانخواستہ کہیں دیر نہ ہو جائے، والدین کو پچھتانا نہ پڑے، پلیز اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں۔‘

شیئر: