Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹک ٹاک بھی بند کراؤ: شاہد آفریدی کا شہزاد رائے کو مشورہ

شاہد آفریدی نے تعلیم سے پہلے وائی فائی کی دستیابی کو بھی نقصان دہ قرار دیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے ٹک ٹاک کو مسئلہ قرار دیتے ہوئے گلوکار شہزاد رائے کو تجویز دی ہے کہ ہر چیز کے لیے آواز اٹھاتے ہو ٹک ٹاک کو بھی بند کراؤ۔‘
سابق کرکٹر نے نجی ٹیلی ویژن ایکسپریس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار شہزاد رائے اور میزبان احسن خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’(ٹک ٹاک) کبھی بند ہو جاتا ہے کبھی کھول دیتے ہیں، یہ کیا کر رہے ہیں یہ لوگ۔‘
انٹرنیٹ اور تعلیم کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک کے بہت سے دیہی حصوں میں تعلیم کی سہولت ابھی نہیں لیکن وائی فائی پہلے پہنچ گیا ہے۔ کسی چیز کے استعمال سے پہلے آپ کے پاس تعلیم تو ہو۔
 
جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے مناسب عمر میں استعمال پر ان کا کہنا تھا کہ میں 12 تیرہ برس کے بچوں کے ہاتھوں میں موبائل دیکھ کر حیران ہوتا ہوں۔ میں نے اپنی بیٹی کو 19 برس کی عمر میں موبائل فون لے کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا کے غیر محفوظ استعمال اور ٹک ٹاک پر پابندی کے معاملے میں سابق پاکستانی کرکٹر کی گفتگو سوشل ٹائم لائنز پر پہنچی تو متعدد افراد نے کہیں ان سے اتفاق اور کہیں اختلاف کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو میں شریک افراد میں سے کچھ ٹک ٹاک پر پابندی کے موضوع پر دوسروں کی رائے لیتے رہے کہ کیا شاہد آفریدی کی اس تجویز پر عمل کیا جانا چاہیے یا نہیں؟ 
پروگرام کے دوران موجود پاکستانی گلوکار شہزاد رائے کو مخاطب کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد جا رہے ہیں ایپ پر پابندی لگوائیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی جانب سے ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹک کے مواد یا اس کو استعمال کرنے کے طریقے کی وجہ سے ایپ پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ماضی میں پاکستان کی مختلف عدالتیں بھی ایپ پر موجود نامناسب مواد کی وجہ سے پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھرٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت دے کر عارضی طور پر ایپ پر پابندی لگاتی رہی ہیں۔

شاہد آفریدی کی پارٹی میں شامل ہوں گا، شہزاد رائے

ٹیلی ویژن پروگرم کے میزبان احسن خان سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ وہ راستے میں شاہد آفریدی سے گزارش کر رہے تھے کہ وہ سیاسی جماعت بنا لیں تاہم وہ نہیں مانے، ان کا کہنا تھا کہ میں کوئی پارٹی نہیں بنانا چاہتا۔
شہزاد رائے کے مطابق انہوں نے شاہد آفریدی سے کہا کہ انصاف پر ایک سیاسی جماعت بنائی جا چکی ہے، اب ایجوکیشن پر برائے مہربانی آپ ایک پارٹی بنائیں۔
جوابی گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شہزاد رائے مجھے مشورہ دے رہے ہیں، وہ خود آئیں، خود یہ کام کیوں نہیں کرتے؟ جس پر پاکستانی گلوکار نے کہا کہ اگر شاہد آفریدی سیاسی جماعت بناتے ہیں تو وہ ان کی پارٹی میں شامل ہوں گے۔

شیئر: