Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سپر لیگ 2022 کی ٹکٹوں کی فروخت شروع

پی ایس ایل کے ٹکٹ آن لائن فروخت کیے جا رہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلان کے بعد پاکستان سپر لیگ 2022 کے تکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ 12 برس سے زائد عمر کے افراد کے لیے لازم ہو گا کہ وہ گراؤنڈ میں آتے وقت ویکسین شدہ ہوں جب کہ 12 برس سے کم عمر افراد کے لیے اس شرط پر عمل لازم نہیں ہو گا۔
تمام ٹکٹ ہولڈرز کے لیے لازم ہو گا کہ وہ گراؤنڈ میں داخلے کے وقت ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ اور شناختی کارڈ کو ڈسپلے کریں۔
پی سی بی کی جانب سے 17 جنوری سے قبل ٹکٹ خریدنے والوں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ڈسکاؤنٹ فرسٹ کلاس اور جنرل انکلوژر کے ٹکٹوں پر دیا جائے گا۔،
پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے 15 میچ 27 جنوری سے سات فروری تک کراچی میں جب کہ باقی کے 19 میچ 10 سے 27 فروری تک لاہور میں کھیلے جانے ہیں۔
پی ایس ایل کے آن لائن ٹکٹ cricket.bookme.pk پر دستیاب ہیں۔ یہاں سے ٹکٹ خریدنے سے قبل صارفین کو اپنا اپنا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہو گا جس کے بعد وہ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چھ ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹ خریدنے کے لیے رقم ایزی پیسہ، جاز کیش، کریڈٹ کارڈ اور این آئی ایف ٹی سے ادا کی جا سکتی ہے۔ کسی شکایت کی صورت میں ’بک می ڈاٹ پی کے‘ کے ہیلپ لائن نمبر 03137786888 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

پی ایس ایل 2022 کے ٹکٹوں کی قیمت

پاکستان سپر لیگ 2022 کے ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
27 جنوری کو ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کے لیے وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ 2500 روپے، پریمیئم انکلوژر کا ٹکٹ 2000 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژر 1500 روپے اور جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 500 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

27 فروری کو ٹورنامنٹ کا فائنل قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانا ہے۔ اس کے وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 4000 روپے، پریمیئم انکلوژر کا ٹکٹ 3000 روپے، فرسٹ کلاس انکلوژر 2500 اور جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 1500 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 23 چوبیس اور 25 فروری کو کھیلے جانے والے پلے آف میچوں کے لیے ٹکٹوں کی قیمت بھی طے کر دی گئی ہے۔ ان میچوں کے لیے وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ 3000 روپے، پریمیم انکلوژر 2500 روپے، فرسٹ کلاس 2000 اور جنرل انکلوژر کا ٹکٹ 1000 روپے میں دستیاب ہے۔

شیئر: