Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمیز راجہ کی پاکستان اور انڈیا سمیت چار ملکی ٹی20 سیریز کی تجویز

رمیز راجہ سالانہ چار فریقی ٹی20 سیریز کی تجویز اگلی آئی سی سی میٹنگ میں دیں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے انڈیا، پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل سالانہ چار ملکی ٹی20 سیریز کی تجویز دی ہے۔
کوڈ سپورٹس آسٹریلیا کے مطابق رمیز راجہ یہ تجویز اگلی آئی سی سی میٹنگ میں پیش کریں گے تاکہ انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف باقاعدہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیل سکیں۔
واضح رہے روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کشیدہ تعلقات کی وجہ سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیل رہے ہیں۔ دونوں ملکوں نے آخری سیریز 2012-13 میں انڈیا میں کھیلی تھی۔
جس وقت نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین تھے تو دونوں کرکٹ بورڈز نے 2015-23 تک کے لیے چھ سیریز کھیلنے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔
2013 کے بعد سے پاکستان اور انڈیا صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے ٹورنامنٹس میں مدمقابل آئے ہیں۔
پی سی بی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے حوالے سے پاکستان کو بہت توقعات ہیں اور انہیں پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کے حالیہ بیانات سے بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ وہ ذاتی طور پر ساتھی کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے مائل کرتے رہے ہیں۔

شیئر: