Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئندہ تین ماہ میں بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا‘

وزارت کورونا نے ایس او پیز پر پابندی کے حوالے سے بھی اقدامات کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
حج و عمرہ و زیارۃ امور کی قومی کمیٹی کے رکن سعید باحشوان نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ تین ماہ (رجب، شعبان اور رمضان المبارک) کے دوران بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا-
العربیہ نیٹ کے مطابق 201 عمرہ کمپنیاں و ادارے عمرہ زائرین کو مملکت آمد سے لے کر وطن کے لیے روانگی تک بہترین خدمات فراہم کریں گے-
یہ توقعات ایسے ماحول میں کی جا رہی ہیں جب پاکستان، انڈیا، ازبکستان، لیبیا، مصر، تیونس، الجزائر اور انڈونیشیا سے عمرہ زائرین کی آمد کے حوالے سے کارروائی شروع کردی گئی ہے-
باحشوان نے کہا کہ 201 عمرہ کمپنیاں و ادارے سعودی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولتوں اور عظیم الشان منصوبوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عمرہ زائرین کو مطلوبہ سہولتیں ہروقت فراہم کریں گے- عمرہ زائرین اطمینان و سکون اور امن وسلامتی کے ماحول میں طواف، سعی اور زیارت کی سعادت حاصل کرسکیں گے-
باحشوان نے کہا کہ عمرہ کمپنیاں و ادارے عمرہ زائرین کی منفرد میزبانی کے لیے ہوٹلوں میں رہائش، اندرون مملکت ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کی سہولیات کی تیاریاں کرچکے ہیں-
عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے مسجد الحرام میں عمرے و نماز اور مسجد نبوی نیز روضہ شریفہ میں نماز اور روضہ رسول پر حاضری کے حوالے سے اپائنمنٹ کی تیاریاں بھی کرلی ہیں- عمرہ زائرین کو وہ تمام آسانیاں اور سہولتیں مہیا کی جائیں گی جن کی انہیں ضرورت ہوگی- وزارت حج و عمرہ زائرین سے کورونا ایس او پیز کی پابندی کرانے میں غیرمعمولی دلچسپی لے رہی ہے- وزارت اس حوالے  سے عمرہ کمپنیوں و اداروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھے گی اور ان سے ربط و ضبط بھی پیدا کرے گی-
باحشوان نے توجہ دلائی کہ بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کی آمد پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ شہروں میں ہوٹلوں، کاروباری اداروں، ٹرانسپورٹ کے وسائل، ریستورانوں، شاپنگ سینٹرز کا کاروبار بہتر ہوگا-
دریں اثنا وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے  کہ زائرین مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں حاضری کے موقع پر سماجی فاصلے کی پابندی کریں- حفاظتی ماسک استعمال کریں- اس سے وہ خود بھی کورونا وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے اور دوسرے بھی وائرس کی گرفت میں نہیں آئیں گے-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: