Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر: فلیٹ میں ہولناک آتشزدگی، 4 بچے ہلاک

مصر کے معروف شہر الجیزہ کے ایک فلیٹ میں آتشزدگی کے دوران 4 بچے جان کی بازی ہار گئے- ہیبتناک المیے سے پورے علاقے میں رنج و ملال کی لہر دوڑ گئی- مرنے والے  بچوں میں سب سے بڑے کی بچے کی عمر 8 برس تھی- 
مصری جریدے الوطن کے  مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ہیبتناک آتشزدگی کے اسباب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک خرابی کی وجہ سے فلیٹ میں آگ لگی جس سے 4 بچوں کی موت واقع ہوئی- ان میں سب سے کم عمر 2 سالہ تھا- 
مصری میڈیا نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ فلیٹ کے  پڑوسی  آگ کے شعلے دیکھ کر گھبرا گئے-
فلیٹ میں ایک خاتون اپنے 4 بچوں کے  ہمراہ سکونت پذیر تھی- فلیٹ سے کثیف دھواں نکل رہا تھا- انہوں نے دروازہ توڑ کر آگ بجھانے کی کوشش کی- اسی دوران خاتون خانہ کی چیخ و پکار پر متوجہ ہوئے جو چلا چلا کر کہہ رہی تھی کہ اس کے چاروں بچے فلیٹ میں ہیں-  
پڑوسیوں نے انہیں تلاش کیا اور انہیں فلیٹ سے باہر نکال لائے- 
ہمسایوں نے دیکھا کہ سب سے چھوٹا بچہ مر چکا ہے جبکہ دیگر بچیوں کو پرائیویٹ کار سے قریب ترین ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ بھی وہاں پہنچنے تک دھویں سے متاثر ہوکر ہلاک ہوچکی تھیں-  
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زبردست دھویں کی وجہ سے وہ شروع میں فلیٹ میں داخل نہیں ہوسکے- پہلے انہوں نے پوری بلڈنگ کا بجلی کنکشن کاٹا اور اس کے بعد آگ بجھانے کے لیے فلیٹ میں داخل ہونے کی ہمت کی- 
ایک پڑوسی بھی شیرخوار کی میت کو فلیٹ سے نکالتے ہوئے جھلس گیا- ایمبولینس اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار مدد کے لیے بعد میں پہنچے- 
ایک عینی شاہد نے توجہ دلائی کہ آگ سے پورا فلیٹ تباہ ہوگیا- ماں اپنے  شیر خوار کی نعش اور تینوں بیٹیوں کی بری حالت دیکھ کر صدمہ میں چلی گئی اور بے ہوش ہوگئی- ماں نے بتایا کہ وہ مطلقہ ہے اور 10 ماہ سے متاثرہ فلیٹ میں سکونت پذیر تھی-

شیئر: