Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق وائس نیول چیف حشام بن صدیق سعودی عرب میں سفیر مقرر

اسلام آباد...سابق وائس نیول چیف وائس ایڈمرل (ر) خان حشام بن صدیق کو سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر مقرر کردیا گیا ۔وفاقی حکومت کے اعلیٰ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دفتر خارجہ نے منظوری کےلئے ایگریما سعودی حکومت کو بھجوادیا ۔سعودی حکومت کی منظور ی کے بعد سفیر کی حیثیت سے ایڈ مرل حشام جلد نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وائس ایڈمرل حشام گزشتہ ماہ پاک بحریہ میں شاندار خدمات کے بعد ریٹائر ہوئے تھے۔ حشام بن صدیق نے جون 1980میں بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ ابتدائی تربیت برطانیہ کے رائل نیول کالج ڈرماوتھ میں مکمل کی۔ پاکستان نیول اکیڈ می میں تربیت مکمل کرنے پر ان کی اعلیٰ کارکردگی پراعزاز شمشیر عطا کی گئی تھی۔ پٹارو کیڈٹ کالج اور پی اے ایف سرگودھا کے تعلیم یافتہ وائس ایڈمرل حشام کی پاکستان نیوی میں پیشہ وارانہ کیرئیر کے دوران کمانڈ اور اسٹاف دونوں سطح پر تقرریاں کی گئیں۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی، کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج، کمانڈنٹ نیشنل سکیورٹی کالج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور بحرین میں ملٹی نیشنل کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے کمانڈر کی حیثیت سے ان کی خدمات کو ہر سطح پر سراہا گیا۔وائس ایڈمرل حشام بعد ازاں اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔ نیول ہیڈ کوارٹر میں انہوں نے چیف آف ا سٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ پاک بحریہ میں ان کی اعلیٰ خدمات پر انہیں ہلال امتیاز ملٹری عطاکیاگیا تھا۔ توقع ہے کہ وائس ایڈمرل حشام بن صدیق رواں ماہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ریٹائر منٹ کے بعد ان کی پہلی سفارتی تقرری ہوگی جو دفتر خارجہ نے پاک بحریہ کے کوٹے سے کی ہے۔دفتر خارجہ نے پاک بحریہ سے سعودی عرب میں سفیر کی تقرری کےلئے نام مانگا تھا۔
 
 

 

شیئر: