Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چھٹیوں سے متعلق وزارت تعلیم کا اجلاس ملتوی ہونا ’افسوس کا مقام‘

وزیر تعلیم اس وقت ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد حکومت کی جانب سے بلایا جانے والا بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا آج جمعرات کو ہونے والا اجلاس  ملتوی کر دیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اس حوالے سے تعلیمی ادارے کھلنے یا بند رکھنے کے حوالے سے فیصلے متوقع تھے۔
اس اجلاس کو اب اگلے ہفتے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
جب بھی سکولوں یا دیگر تعلیمی اداروں کے حوالے سے کوئی اجلاس ہوتا ہے تو پاکستان کے وزیر تعلیم شفقت محمود کا نام ہر طرف نظر آتا ہے۔
اس بار بھی وزیر تعلیم کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں سے ہے اور میمز کا ایک بازار گرم ہوگیا ہے۔
احمد شکیل نامی صارف نے اجلاس کی ملتوی کو مذاقاً ’افسوس کا مقام‘ قرار دے دیا۔

شفقت محمود کی ایک ویڈیو کلپ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جاری ہے جس میں وزیر تعلیم ہنستے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’بچوں آپ کو پتہ ہے کہ میں کون ہوں؟‘ پھر خود ہی اپنے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں ’چھٹیاں دینے والا انکل۔‘

جنید چوہدری نامی صارف نے چھٹیاں نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کرنے کی کوشش میں ایک شعر کا سہارا لیا۔
’آنکھوں کا رنگ، بات کا لہجہ بدل گیا
وہ شخص ایک شام میں کتنا بدل گیا‘

سوشل میڈیا پر ہنسی مذاق کے علاوہ کچھ لوگ سنجیدگی سے وزیر تعلیم کو تعلیمی ادارے نہ بند کرنے کے بھی مشورے دے رہے ہیں۔
سندس مقصود نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’سکول دوبارہ بند نہ کریں۔ ہماری تعلیم دن بدن بدتر ہورہی ہے۔‘

ابراہیم منظور نامی صارف نے چھٹیاں مانگنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’تعلیم مذاق نہیں ہے۔ چھٹیاں مانگنا بند کریں۔‘

واضح رہے پاکستان میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں پاکستان میں 3019 نئے کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اسی طرح پچھلے 24 گھنٹوں میں این سی او سی کے مطابق پاکستان میں 49 ہزار 270 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور پوزیٹیویٹی ریٹ 6.12 فیصد تک جا پہنچا ہے۔

شیئر: