Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شفقت محمود کا نام ٹاپ ٹرینڈ، ’ہم لیپ ٹاپ نہیں چھٹیاں بانٹتے ہیں‘

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ایک نیوز کانفرنس میں متعدد پاکستانی شہروں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا تو فورا ہی ان کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
بدھ کے روز نیوز کانفرنس میں وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد، پشاور، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث تمام تعلیمی ادارے 15 تا 28 مارچ تک بند رہیں گے۔

محدود سی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین نے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق اعلان کے بعد جہاں معاملے کے سنجیدہ پہلوؤں پر گفتگو کی وہیں بڑی تعداد ایسے ہینڈلز کی تھی جو چھٹیاں ہونے کو ہی کافی جان کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔

کچھ سٹوڈنٹس ایسے بھی تھے جنہوں نے 15 مارچ سے چھٹیوں کو ناکافی یا غیرموثر جانا تو اپنے شکوہ بھرے تبصرے میں وزیرتعلیم سے کہا ’پندرہ مارچ ہی کیوں تب تک تو میرے آزمائشی امتحانات ہو چکے ہوں گے‘۔

جن شہروں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان نہیں ہوا وہاں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے وزیرتعلیم کو متوجہ کیا تو مقامی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے امید کی کہ ان کے بارے میں بھی سوچا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں وبائی صورتحال بہتر ہے اس لیے وہاں تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی نصف تعداد کی حاضری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سوشل میڈیا صارفین کو یہ اعلان نہ بھایا تو کئی ہینڈلز نے مختلف اعدادوشمار کا حوالہ دے کر وزیرتعلیم کو تصویر کا دوسرا رخ دکھانے کی کوشش کی۔

ملک کے نو بڑے شہروں میں چھٹیوں کے اعلان کے بعد کا ممکنہ منظرنامہ گفتگو کا موضوع بنا تو والدین کے لیے استقامت کی دعا کے ساتھ اساتذہ کی معاشی مشکلات کے خدشات کا تذکرہ بھی ہوا۔

تعلیمی اداروں کی بندش کے اعلان کے ساتھ ہی ورچوئل کلاسز کا ذکر ہوا تو ان سے وابستہ مسائل سے نالاں افراد نے وزیرتعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آن لائن کلاسز بند کی جائیں۔

 
ایک اور صارف وقار مروت نے شفقت محمود کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم لیپ ٹاپ نہیں چھٹیاں بانٹتے ہیں چھٹیاں۔‘

مہد راجپوت نامی صارف نے ایک میم شیئر کی جس میں انہوں نے پنجاب کے طلبا کی جانب سے لکھا کہ ’کنفرم جنتی ہے۔‘

وزیرتعلیم کی جانب سے کیے گئے اعلان سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی وبائی صورتحال کے باعث متعدد اقدامات کا اعلان کیا تھا تاہم ٹوئٹر کی ٹرینڈز لسٹ میں شفقت محمود ہی آ سکے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں