Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم آئی سی سی ’ٹی20 ٹیم آف دا ایئر‘ کے کپتان بن گئے

آئی سی سی نے ٹی20 ٹیم آف دا ایئر کا اعلان کردیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی اعلان کردہ ’ٹی 20 ٹیم آف دا ایئر‘ کے بھی کپتان قرار پائے ہیں۔
آئی سی سی نے بدھ کو ’ٹی20 ٹیم آف دا ایئر‘ کا اعلان کیا اور اس ٹیم میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے سال 2021 میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بابر اعظم کے علاوہ اس ٹیم میں دو مزید پاکستانی کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے بیٹسمین جوس بٹلر، جنوبی افریقی بیٹسمین ایڈن مارکرم، آسٹریلوی آلراؤنڈر مچل مارش، جنوبی افریقی بیٹسمین ڈیوڈ ملر، جنوبی افریقی سپنر تبریز شمسی، آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وڈ، سری لنکن آلراؤنڈر ونندو ہسارنگا اور بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیظ الرحمان شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان کے محمد رضوان نے ٹی20 کے فارمیٹ میں 2021 کے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ 1326 رنز بنائے تھے اور ان کی رنز بنانے کی اوسط 73.66 رنز تھی۔
سال2021 میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی پاکستان کے کپتان بابر اعظم تھے۔ انہوں نے 29 ٹی20 میچوں میں ایک سینچری اور نو نصف سینچریوں کی مدد سے 939 رنز بنائے۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم 2021 کے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔
آئی سی سی ’ٹی 20 ٹیم آف دا ایئر‘ میں شامل تیسرے پاکستانی کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی نے 2021 میں 21 ٹی20 میچ کھیلے اور 23 وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: