Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پریانتھا کمارا کے خاندان کو پاکستانیوں نے کہاں کہاں سے پیسے بھیجے؟

پریانتھا کمارا کی بیوہ نے حکومت پاکستان کا وعدہ پورا کرنے اور منصفانہ اور تیز ٹرائل کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: دفتر خارجہ)
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق جمعرات کو منعقد ہونے والے اس تعزیتی ریفرنس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے افراد نے شرکت کی۔
پریانتھا کمارا کی بیوہ نیلوشی ڈسانائیکا اور ان کے بچوں کے علاوہ سری لنکن پارلیمنٹ کے سپیکر نمل راجہ پکسے، نوجوانوں اور کھیلوں کے وزیر، ترقیاتی رابطہ اور نگرانی کے وزیر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور انٹرپرائز ڈیولپمنٹ کے ریاستی وزیر تھرکا بالاسوریا، علاقائی تعاون کے ریاستی وزیر لوہن رتواٹے سمیت سری لنکا کی پارلیمنٹ کے اراکین، سری لنکا کی وزارت خارجہ کے نمائندوں، مذہبی رہنماوں اور میڈیا کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے مقتول کے لواحقین کے لیے ایک لاکھ امریکی ڈالر جمع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
سیالکوٹ کی کاروباری اور تجارتی برادری کی جانب سے پہلے ہی پریانتھا کمارا کی بیوہ نیلوشی ڈسانائیکا کے اکاؤنٹ میں امداد پہنچائی جا چکی ہے۔
راجکو انڈسٹری، جہاں پریانتھا کمارا ملازم تھے، کی طرف سے پہلی تنخواہ کا چیک بھی نیلوشی ڈسانائیکا کو موصول ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ راجکو انڈسٹری نے 10 سال تک پریانتھا کمارا کی بیوہ کو تنخواہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی پہلے ہی پریانتھا کمارا کے خاندان کو 28 لاکھ سری لنکن روپے بھیج چکے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے نے بھی تقریباً 40 ہزار ڈالر اکٹھے کیے ہیں جو جلد ہی منتقل کر دیے جائیں گے۔
اس موقع پر پریانتھا کمارا کی بیوہ نے حکومت پاکستان کا وعدہ پورا کرنے اور منصفانہ اور تیز ٹرائل کو یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ جبکہ بدھ مت اور اسلامی روایات کے مطابق مرحوم کے لیے دعائیں کی گئیں۔

پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ عمر فاروق برکی نے رینتھا کمارا کی بیوہ اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ (فوٹو: دفتر خارجہ)

پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ عمر فاروق برکی نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’پریانتھا کمارا کے قتل پر وزیراعظم عمران خان سے لے کر ایک عام آدمی تک سب نے غم و غصے کا اظہار کیا اور اس غیر انسانی فعل کی شدید مذمت کی۔‘
انہوں نے پریانتھا کمارا کے لیے دعا کی اور ان کی بیوہ اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

شیئر: