Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس برڈ فلو سے نمٹنے کے لیے 10 لاکھ سے زائد پرندے تلف کرے گا

یون فلو وبا کا زور کم کرنے کے لیے پہلے ہی 10 لاکھ سے زائد پرندوں کو ہلاک کیا چکا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
فرانسیسی حکومت نے کہا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں پولٹری فارمز میں پھیلی ہوئی ایون فلو کی وبا سے نمٹنے کے لیے دس لاکھ سے زائد پرندوں کو تلف کرے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوب مغربی فرانس کی 226 میونسپلٹیوں میں تمام بطخوں، مرغیوں اور ٹرکیوں کو تلف کیا جائے گا جن کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے۔
جمعرات کو فرانسیسی وزارت زراعت کا کہنا تھا کہ ’ہمیں پورا علاقہ صاف کرنے میں تین ہفتے کا وقت لگے گا۔‘
حکام کو امید ہے کہ وائرس والے علاقوں سے پرندوں کو تلف کرنے کے بعد وہ وبا کا زور کم کرنے اور اسے دوسرے پولٹری والے خطوں میں پہنچنے سے روک پائیں گے۔
گذشتہ سال نومبر کے آخر میں سامنے آنے والی ایون فلو وبا کا زور کم کرنے کے لیے پہلے ہی دس لاکھ سے زائد پرندوں کو ہلاک کیا چکا ہے۔
خطے کے کسانوں کو پرندوں کو تلف کرنے پر معاوضہ بھی دیا گیا تھا۔
وزارت اس عمل کو تیز کرنے کے لیے مذبح خانوں کا استعمال کرنے اور بڑی تعداد میں کارکنان بشمول ویٹرنری سکول کے طلبا کی مدد حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کئی یورپی ممالک اسی طرح کے وائرس سے نمٹنے کے ایک سال بعد اب ایک انتہائی متعدی فلو H5N1 سے لڑ رہے ہیں۔
سنہ 2015 سے اب تک فرانس خاص طور پر جنوب مغربی علاقوں میں برڈ فلو کی چار وبائیں پھیل چکی ہیں۔ گذشتہ موسم سرما میں 35 لاکھ پرندوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

شیئر: