Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرینکا چوپڑا اور نک جونس ’سروگیسی‘ سے والدین بن گئے

پریانکا اور نک کی شادی دسمبر 2018 میں انڈیا میں ہوئی تھی (فوٹو: پرینکا چوپڑا انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس سروگیسی کے ذریعے والدین بن گئے ہیں۔ سنیچر کی صبح اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اپنے مداحوں کے ساتھ اس خوش خبری کو اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے شیئر کیا۔
سنیچر کی صبح انہوں نے اعلان کیا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بہت خوش ہیں کہ ہم نے سروگیسی کے ذریعے ایک بچے کا استقبال کیا ہے۔ ہم احترام کے ساتھ اس خاص وقت کے دوران رازداری کی درخواست کرتے ہیں کیونکہ ہماری توجہ اپنے خاندان پر ہے۔ آپ کا بہت شکریہ۔‘
پرینکا چوپڑا کے شوہر نک جونس نے بھی یہی پیغام اپنے انسٹاگرام پیج پر شیئر کیا۔
جیسے ہی جوڑے کی جانب سے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا گیا سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں، دوستوں اور خاندان کی طرف سے مباکبادیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
نک جونس کے بھائی جو جوناس نے پرینکا اور نک دونوں کی پوسٹ پر ہارٹ ایموجیز دیے۔ اداکارہ لارا دتہ نے لکھا ’مبارک ہو۔‘
وینٹی فیئر میگزین کو ایک حالیہ انٹرویو میں پرینکا نے نک کے ساتھ خاندان شروع کرنے کے بارے میں بات کی تھی۔ پرینکا سے پوچھا گیا تھا کہ کیا ان کی والدہ ڈاکٹر مدھو چوپڑا کسی دن دادی بننے کی امید رکھتی ہیں؟
جس پر پرینکا نے جواب دیا تھا کہ ’یہ مستقبل کے لیے ہماری خواہش کا بڑا حصہ ہے۔ خدا کی مہربانی سے جب یہ ہوگا، تو ہوگا۔‘
تاہم جب ان سے کہا گیا کہ وہ اور نک جونس اپنے کام میں مصروف ہیں، اس پر پرینکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’وہ اتنے مصروف نہیں ہیں کہ خاندان آگے نہ بڑھائیں۔‘
پرینکا نے کہا تھا کہ ’گھر خریدنا اور بچہ پیدا کرنا میرے کام کی فہرست میں شامل ہے۔ میرے لیے گھر وہ جگہ ہے جہاں میں خوش ہوں، جب تک کہ میرے اردگرد ایسے لوگ ہوں جن سے میں پیار کرتی ہوں۔‘
ایک انٹرویو میں نک جونس نے کہا تھا کہ ’بچے پیدا کرنا وہ چیز ہے جس کی وہ امید کرتے ہیں۔‘ پریانکا اور نک کی شادی دسمبر 2018 میں انڈیا میں ہوئی تھی۔
پرینکا چوپڑا پہلی بالی وڈ اداکارہ نہیں ہیں جن کے یہاں سروگیسی سے بچے کی پیدائش ہوئی ہے اس سے قبل پریٹی زنٹا، سنی لیونی، ایکتا کپور ،عامر خان  اور کرن جوہر بھی سروگیسی کے ذریعے والدین بن چکے ہیں۔

شیئر: