Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سنگین غلطیاں کیں، تھراپی لے رہا ہوں‘، جینسن ہوانگ نے سٹاف سے معافی مانگ لی

جینسن ہوانگ نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ان کو صدر ٹرمپ نے بحال کروایا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جینسن ہوانگ نے اپنی کمپنی کے ملازمین سے معافی مانگی ہے اور انہیں بتایا کہ ان دنوں وہ تھراپی کروا رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ بیان انہیں ایک بار پھر کمپنی کا سربراہ مقرر کیے جانے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا میں کمپنی کے مرکزی دفتر میں ایک گھنٹے کی میٹنگ کے دوران جینسن ہوانگ نے اعتراف کیا کہ ان سے سنگین غلطیاں ہوئی ہیں۔
ان کے مطابق ’میں نے اپنی اہلیہ لوری سے بے وفائی کی، جس سے میرے بچوں اور آپ سب کو تکلیف پہنچی۔‘
جینسن ہوانگ کی لوری سے شادی کو 40 سال سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے۔
اینویڈیا کے شریک بانی جینسن ہوانگ نے سکینڈل سامنے آنے کے بعد 11 نومبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ان کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ ان کے ایک ایسی خاتون سے تعلقات تھے جن کے بارے میں امریکی حکام کو شبہ ہے کہ وہ چینی جاسوس ہیں۔
پیر کو بورڈ کی جانب سے دوبارہ عہدے پر بحال کیے جانے کے ایک روز بعد جینسن ہوانگ دفتر پہنچے تو ملازمین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

جینسن ہوانگ کا ایک ایسی خاتون کے ساتھ سکینڈل سامنے آیا جن پر چینی جاسوس کا شبہ ظاہر کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ ان کا اپنے ہی بنائے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنا ایک ناقابل قبول اقدام تھا۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ پر انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کے ارکان نے تمام حقائق کا جائزہ لیا اور امریکی حکومت نے انہیں یقین دلایا تھا کہ ہوانگ سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
تاہم دوسری جانب صدر ٹرمپ نے پیر کو امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو بتایا کہ انہوں نے جینسن ہوانگ کی واپسی کے معاملے پر بورڈ سے رابطہ کیا تھا۔
’میں نے ان سے بات کی، یوں سمجھ لیں کہ میں نے ان کو راضی کیا تھا۔‘ 

منگل کو دفتر واپسی پر ملازمین نے جینسن ہوانگ کا شاندار استقبال کیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)

وال سٹریٹ جرنل نے معاملے سے واقفیت رکھنے والے افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جینسن ہوانگ نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس کی جانب سے اینویڈیا کو فوری طور پر انٹیلی جنس معلومات تک رسائی دی گئی، جس سے بورڈ کو ان کی واپسی کے حق میں فیصلہ کرنے میں مدد ملی۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ نے اجلاس میں بتایا کہ اب ان کے ماتحت براہ راست کام کرنے والے افسران ان کے رویے سے متعلق جائزہ رپورٹس بورڈ کو پیش کریں گے۔
جینسن ہوانگ نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ وہ ملازمین کے ساتھ سخت اور نامناسب رویہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے ان الزامات کو بھی مسترد کیا کہ تین دہائیاں قبل قائم کی گئی کمپنی میں تمام اہم فیصلوں کا اختیار صرف انہی کے پاس ہے۔

شیئر: