Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ کےلیے فلائٹس، یورپی سیفٹی ایجنسی پی آئی اے کا آڈٹ کرے گی

کراچی پیش آنے والے حادثے کے بعد یورپ نے تمام فلائٹس پر پابندی لگا دی تھی (فوٹو اے ایف پی)
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے)  نے کہا ہے کہ پی آئی اے فلائٹس کی یورپ میں داخلے کی بحالی سے پہلے وہ خود اس کا آڈٹ کرے گی۔
عرب نیوز کے مطابق یورپی سیفٹی ایجنسی نے جولائی 2020 میں پی آئی اے کے یورپ میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔
کراچی میں پیش آنے والے حادثے کے بعد یورپ نے تمام فلائٹس پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے بعد وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بیان دیا کہ پی آئی اے کے 40 فیصد پائلٹس کے پاس جعلی لائسنس ہے۔
اس کے بعد عالمی سطح پر کام کرنے والے سینکڑوں پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا اور پی آئی اے کے بہت سے روٹس بند کر دیے گئے۔
انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او)نے رواں ماہ کہا تھا کہ اس نے پاکستانی حکام کی جانب سے کیے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا ہے اور ان سے مطمن ہے۔
تاہم یورپی ایوی ایشن ایجنسی نے کہا کہ وہ پی آئی اے سے پابندی ہٹانے سے پہلے خود جائزہ لے گی۔
پاکستان کے وزیر ہوا بازی نے رواں ماہ کہا کہ وہ متعلقہ عالمی اداروں کو آئی سی اے او کا پی آئی اے کے حوالے سے لیا گیا جائزہ شیئر کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپ کےلیے پی آئی اے کی پروازیں فروری یا مارچ تک بحال ہو جائیں گی۔
اردو نیوز نے پی آئی اے حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس خبر کی تو تصدیق کی، لیکن اس پر مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

شیئر: