Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تماشائیوں کو ’پینگ شوائی کہاں ہے؟‘ شرٹس پہننے کی اجازت

ڈبلز کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار پینگ میلبورن سے غیر حاضر ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلین اوپن میں شائقین کو وہ ٹی شرٹس پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے جن پر "پینگ شوئی کہاں ہے؟" لکھا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اتوار کے روز سیکیورٹی عملے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں  انہوں نے تماشائیوں کو میلبورن پارک میں چینی کھلاڑی کی حمایت میں شرٹس اور بینر اتارنے کا حکم دیا تھا۔
ٹینس کی لیجنڈ کھلاڑی مارٹینا ناوراتیلووا نے اس اقدام کو ’قابل رحم‘ قرار دیا تھا۔
ڈبلز کی سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار پینگ میلبورن سے غیر حاضر ہیں اور نومبر میں انہوں نے سابق نائب وزیراعظم ژنگ گاؤلی پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے’زبردستی‘ جنسی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔
ان کے اس الزام کو فوری طور پر سینسر کر دیا گیا تھا اور چین عوام کے سامنے دوبارہ آنے سے پہلے تقریباً تین ہفتوں تک کسی نے 36 سالہ کھلاڑی کی بات پر کان نہیں دھرے تھے تاہم اب بھی یہ خدشات ہیں کہ آیا وہ آزاد ہیں یا نہیں۔
آسٹریلین اوپن کا اہتمام کرنے والے ٹینس آسٹریلیا نے پیر کو اپنی پالیسی کی دوبارہ وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بینرز، نشانات یا لباس جو تجارتی یا سیاسی ہوں کی اجازت نہ دیں لیکن دباؤ بڑھنے کے بعد ٹورنامنٹ کے چیف کریگ ٹائلی نے کہا کہ ’پینگ شوائی کہاں ہے؟‘ ٹی شرٹس کی اجازت اس وقت تک ہوگی جب تک اسے پہننے والے پرامن ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی ہر معاملے کی تشخیص کرے گی۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہاں، جب تک کہ وہ ایک ہجوم کے طور پر خلل ڈالنے کے لیے نہیں آ رہے ہیں بلکہ پرامن ہیں۔‘

ٹورنامنٹ کے چیف کریگ ٹائلی نے کہا ’ہم دن کے اختتام پر کسی کو رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘(فوٹو: اے ایف پی)

کریگ ٹائلی نے بتایا کہ ’گزشتہ دو دنوں میں ایسا ہوا کہ کچھ لوگ دو بڑے کھمبوں پر بینر لے کر آئے تھے اور ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر آپ ٹینس دیکھنے آرہے ہیں تو یہ ٹھیک ہے، لیکن ہم دن کے اختتام پر کسی کو رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘
مزید ٹی شرٹس پرنٹ کرنے کی غرض سے رقم جمع کرنے کے لیے ایک GoFundMe صفحہ ترتیب دیا گیا ہے جس نے دو دن میں 7,100 ڈالرز کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔
پالیسی میں یہ نرمی اس وقت دیکھنے میں آئی جب مقامی میڈیا نے انسانی حقوق کے ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا  تھاکہ ٹینس آسٹریلیا کا موقف غیر قانونی ہو سکتا ہے۔

شیئر: