Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور عراق میں بجلی نیٹ ورک پروجیکٹ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

سعودی وزیر توانائی اور عراقی قائم مقام وزیر بجلی نے دستخط کیے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب اورعراق نے بجلی نیٹ ورک پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر منگل کو دستخط کیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کی جانب سے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور عراق کی جانب سے قائم  مقام وزیر بجلی انجینیئر عادل کریم نے عراقی وزیر پٹرولیم احسان عبدالجبار کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ورچول تقریب میں عراقی منسٹرز کونسل کے سیکریٹری جنرل  ڈاکٹر حمید نعیم العزی بھی شریک ہوئے۔ 
سعودی وزیر توانائی نے اس موقع پر کہا کہ ’بجلی نیٹ ورک کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، عراقی صدر برہم صالح اور وزیراعظم مصطفی الکاظمی کی ہدایت پر کیے گئے ہیں‘۔ 

پروجیکٹ سعودی وژن 2030 اور اس کے پروگرام کا حصہ  ہے(فوٹو ایس پی اے)

شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’یہ پروجیکٹ سعودی وژن 2030 اور اس کے پروگرام کا حصہ  ہے۔ سعودی عرب مشرق وسطی اور عرب دنیا میں بجلی کا سب سے بڑے نیٹ ورک رکھتا ہے‘۔
سعودی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کو بجلی کے نیٹ ورک سے مربوط کرنے کا فیصلہ دونوں ملکوں کے متعلقہ اداروں نے مفصل جامع جائزے کے تناظر میں کیا ہے‘۔
’جائزے سے یہ بات سامنے آئی کہ عراقی بجلی نیٹ ورک پروجیکٹ سے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔ اس سے دونوں ملکوں کو معاشی فائدے ہوں گے‘۔ 
مفاہمتی یادداشت کا مقصد یہ ہے کہ  ہنگامی حالات اور دونوں ملکوں میں سے کسی ایک کے نیٹ ورک کی خرابی کی صورت میں دوسرے ملک کی بجلی سے فائدہ اٹھایا جائے۔
علاوہ ازیں دونوں ملک برقی توانائی کے تجارتی لین دین کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ 

شیئر: