Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت:آئل ریفائنری میں آگ، ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی

4.1 ملین افراد پر مشتمل ملک کویت تیل کے ذخائر رکھنے والا چھٹا بڑا ملک ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)
کویت کی ایک بڑی آئل ریفائنری میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
کویت نیشنل پٹرولیم کمپنی نے بدھ کو جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ مزید دو مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں جس سے آتشزدگی کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 14 جنوری کو مینا الحمدی آئل ریفائنری میں دیکھ بھال کے کام کے دوران لگنے والی آگ سے ابتدائی طور پر دو ایشیائی کارکنان کو ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پانچ کی حالت تشویشناک تھی۔
سرکاری کمپنی نے کہا کہ شدید زخمی ہونے والے دو کارکنوں نے علاج کے دوران ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ کمپنی کے اعلیٰ ایگزیکٹو نے آگ لگنے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ’ایسے واقعات، ہمارے لیے بہت تکلیف دہ ہیں لیکن ایسی پیچیدہ صنتعوں میں اس قسم کے واقعات رونما ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔‘
کویت کے وزیر تیل محمد الفریس اور سرکاری تیل کمپنی کے دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے آگ لگنے کے فوری بعد ریفائنری کا دورہ کیا۔ جس کی تصاویر بعد میں کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی کے اکاونٹ سے شئیر کی گئی تھیں۔
ایک ماہ کے دوران یہ اس مقام پر لگنے والی دوسری آگ تھی۔ اس سے قبل کمپنی پیٹرو کیمیکل لائن میں ایک چھوٹی آگ بھڑک اٹھی تھی، مگر اس آگ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
مینا الحمدی ریفائنری کو بنیادی طور پر کویت کی مقامی مارکیٹ کو پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی  کے لیے یومیہ 25000 بیرل تیل کو سنبھالنے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اور اس کی صلاحیت میں یومیہ 346,000 بیرل بڑھانے کے لیے توسیع کی گئی۔
41 لاکھ افراد پر مشتمل ملک کویت تیل کے ذخائر رکھنے والا چھٹا بڑا ملک ہے۔

شیئر: