Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹیٹ بینک ترمیمی بل سینیٹ منظور، گیلانی کے غائب ہونے پر قریشی کا طنز

سٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کے حق میں 43 جبکہ مخالفت میں 42 ووٹ پڑے (فائل فوٹو: سٹیٹ بینک)
پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) نے مرکزی بینک سٹیٹ بینک کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے۔ بل کے حق میں 43 جبکہ مخالفت میں 42 ووٹ پڑے۔
جمعے کو سینیٹ کے اجلاس میں سٹیٹ بینک ترمیمی بل پر رائے شماری ہوئی، رائے شماری کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب دونوں طرف 42، 42 ووٹ پڑے تاہم اس کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنا ووٹ استعمال کرتے ہوئے ترمیم کے حق میں ڈالا۔
 اس طرح بل کے حق میں ووٹ بڑھ گئے اور حکومت سٹیٹ بینک کا ترمیمی بل ایک ووٹ کی اکثریت سے منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔
عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے عمر فاروق کانسی اجلاس میں موجود تھے، تاہم وہ اچانک ہی ہال سے باہر نکل گئے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی ایوان سے غیر حاضر رہے۔ ان کی ایوان سے عدم حاضری پر طرح طرح کی چہ میگوئیاں ہوئیں۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ کمال ہے کہ کیا ہے؟ سٹیٹ بینک کا بِل پیش ہوا۔ قائدِ حزبِ اختلاف، یوسف رضا گیلانی غائب۔ ایک ووٹ، یعنی گیلانی صاحب کا ووٹ، کم ہونے سے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کا بل منظور۔‘
‘انہیں (یوسف رضا گیلانی) کو قائدِ اختلاف بنانے والے اور اپوزیشن بینچ پہ بیٹھنے والے سینیٹرز کی جانب سے بل لی والہانہ حمایت۔‘
بل کی منظوری کے بعد سینیٹ کا اجلاس پیر تک ملتوی کردیا گیا۔
آج یوسف رضا گیلانی نے حق ادا کردیا: شاہ محمود قریشی
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کو جہاں مسلم لیگ ن کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا وہیں ان کے سیاسی حریف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی موقعے کو غنیمت جانتے ہوئے انہیں طنز کا نشانہ بنایا۔
جمعے کی اپنی ٹویٹ میں شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ ’میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، وہ آج شکریے کے مستحق ہیں۔‘
’آج یوسف رضا گیلانی نے حق ادا کردیا کہ جب سرکاری ووٹوں سے قائد حزب اختلاف منتخب ہوں تو نتائج اچھے نکلتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج سینیٹ میں اکثریت کے باوجود شکست کھانے سے اپوزیشن کی عددی اکثریت کی قلعی کھل گئی۔‘
’آج آپ نے دیکھ لیا کہ اتنے اہم بل پر لیڈر آف دا اپوزیشن نے جو ہمیں شکریہ کا موقع دیا اس پر اپوزیشن اتحاد کی اصلیت سامنے آگئی۔اپوزیشن میں دم خم نہیں ہے۔‘
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہماری حکومت کو مہنگائی کے چیلنج کا سامنا ہے، اگر ہم نے اس پر قابو پالیا تو ہم سرخرو ہو کر نکلیں گے۔‘
سٹیٹ بینک کے ترمیمی بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’الحمدللّٰہ ایک اور دن ایک اور کامیابی، عدم اعتماد کا خواب دیکھنے والے اس ایوان میں بھی ناکام جہاں ان کی نام نہاد اکثریت ہے۔‘
’حکومت نے ثابت کیا ہے کہ تمام جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں، اللہ کی مدد شامل حال رہی تو انشاللہ کامیابیوں کا سفر رکنے والا نہیں۔‘

شیئر: