Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھر پر خود ٹیسٹ کریں‘، امریکہ کی 10 کروڑ کورونا کِٹس کی خریداری

امریکی حکومت نے شہریوں کے لیے گھر پر چار کورونا کِٹس مفت منگوانے کی سکیم شروع کی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکی شہریوں کو گھر پر ٹیسٹ کرانے کی سہولت کی فراہمی کے لیے حکومت نے نجی کمپنی آئی ہیلتھ لیب سے اضافی دس کروڑ کورونا کِٹس خرید لی ہیں۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ یہ خریداری ملک بھر میں شہریوں کو گھر پر مفت ٹیسٹ کرانے کی سہولت کی فراہمی کے لیے 50 کروڑ کورونا کِٹس کی فراہمی کے وائٹ ہاؤس کے منصوبے کا حصہ ہے۔
رواں سال امریکی حکومت نے شہریوں کے لیے گھر پر چار کورونا کِٹس مفت منگوانے کی سکیم شروع کی ہے جس کے تحت کوئی بھی شہری سرکاری ویب سائٹ سے کورونا ٹیسٹ کرانے کی کِٹ آرڈر کر سکتا ہے اور اس کی ڈیلیوری سات سے 12 دن میں ہو جاتی ہے۔
امریکہ میں اومی کرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے دوران شہریوں کو ٹیسٹ کرانے کی مشکلات کا سامنا ہے اور کئی علاقوں میں کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے کِٹس کی کمی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
اس سے قبل بھی وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا کہ شہریوں کو مفت فراہم کیے جانے کے لیے اضافی کورونا ٹیسٹ کِٹس کی خریداری کی جائے گی۔
صدر بائیڈن پر عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے سلسلے میں ٹیسٹ کرانے کی منصوبہ بندی کے فقدان کے باعث تنقید کی جاتی رہی ہے۔
روئٹرز کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکہ بھر میں کورونا ٹیسٹ کِٹس کی کمی نے اومی کرون کی پھیلاؤ کو روکنے کی حکومتی کوششوں کو مشکل سے دوچار کیا۔

شیئر: