چین کا ویزہ فری انٹری کی مدت میں توسیع کا اعلان، کون کون سے ممالک شامل ہیں؟
31 دسمبر 2026 تک جاری رہنے والی پالیسی میں سویڈن کو بھی شامل کیا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)
چین نے اپنی ویزہ فری انٹری پالیسی میں توسیع کا اعلان کیا ہے جو 10 نومبر سے لاگو ہو گی اور 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے پیر کو بتایا کہ ویزا فری انٹری کی فہرست میں سویڈن کو بھی شامل کر لیا گیا ہے اور مجموعی طور پر یہ تعداد 45 ہے جس میں فرانس، جرمنی، سپین اور دوسرے ممالک شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کی فہرست میں 32 یورپی ممالک آتے ہیں جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور جنوبی امریکہ کے علاوہ بعض خلیجی ممالک بھی شامل ہیں۔
اس پالیسی کی مقررہ مدت بہت سے ممالک کے لیے سال کے آخر میں ختم ہونے والی تھی۔
چین کی جانب سے حالیہ برسوں کے دوران درجنوں ممالک کے شہریوں کو ویزے کے بغیر داخلے کی پیشکش کی ہے غیرملکی سیاحوں کو ملک کی طرف راغب کیا جا سکے کیونکہ کووڈ 19 کی وجہ سے چین کی سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا تھا اور حکام اس کو مکمل طور پر بحال کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ اس سکیم کا حصہ نہیں ہے، اس کے تحت صرف اہل ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد ہی ملک میں داخل ہو سکتے ہیں جن کا تعلق کاروباری یا سیاحتی دوروں سے ہو، اسی طرح رشتہ داروں سے ملنے کے لیے آنے والے بھی 30 روز کے لیے وہاں جا سکتے ہیں۔
اسی طرح چین یورپی یونین تک اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے بھی کوشاں ہے جو کہ اس کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور ہر مشکل وقت میں تجارتی تعلق نبھاتا رہا ہے۔
چینی صدر شی جنگ پنگ کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جنوبی کوریا میں ملاقات کے بعد حکومت کی جانب سے یہ تصدیق کی ہے کہ نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندی کی ایک سال کے لیے معطلی یورپی یونین پر بھی لاگو ہو گی جبکہ بلاک کے حکام کی بریسلز میں چینی حکام کے ساتھ پچھلے ہفتے ملاقات بھی ہوئی تھی۔
بیجنگ کی وزارت تجارت کی جانب سے پیر کو بتایا گیا کہ اس ملاقات میں دونوں حکام نے دو طرفہ رابطے جاری رکھنے، چینی اور یورپی یونین کی صنعتوں کے فروغ کے لیے سپلائی چین کے استحکام اور دوسرے امور پر بھی اتفاق کا اظہار کیا تھا۔
