پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کودو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
منگل کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے 264رنز کا ہدف پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر اوور میں پورا کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے پر سلیمان علی آغا کو میچ کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز فخر زمان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
فخر زمان 45 اور صائم ایوب 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم ایک بار پھر ناکام رہے اور محض سات رنز بنا سکے۔
اس کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
محمد رضوان نے 55 رنز کی اننگز کھیلی اور ان کے بعد آنے والے بلے باز حسین طلعت نے 22 رنز بنائے۔ حسن نواز بھی ایک غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے سٹمپڈ ہوئے، انہوں نے ایک رن بنایا۔

تاہم دوسرے اینڈ پر سلمان علی آغا نے اپنی ففٹی مکمل کی اور 62 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔
آخری اوور میں پاکستان فتح کے لیے چار رنز درکار تھے اور سکور برابر ہوا تو محمد نواز نے بھی نو کے انفرادی سکور پر اپنی وکٹ گنوا دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دونوان فریرا، کوربن بوش اور لنگی نگیڈی نے دو، دو جبکہ جارج لنڈا اور فورٹوئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کی تفصیل
اس سے پہلے پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پچاسویں اوور میں 263 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم بہترین آغاز فراہم کیا، کوئنٹن ڈی کاک 63 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ان کے ساتھی اوپنرلہان ڈری پرویوٹوریس نے57 رنز بنائے۔
کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 اور کوبن بوش نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
ٹونی ڈی زورزی 18 اور سینتھمبا قشیلے 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی قابل قدر کارکردگی نہ دکھا سکا۔













