Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو کا ایک بار پھر 27 فروری کو لانگ مارچ کا اعلان

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’جمہوری، انسانی اور معاشی حقوق پر حملے رہے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے 27 فروری کو لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ہر شہر میں جا کر عوام سے خطاب کریں گے۔
اتوار کو بلاول بھٹو نے صوبہ پنجاب کے ضلع ساہیوال کے علاقے سیال شریف میں جلسے سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے ایک مرتبہ پھر باہر نکلیں اور ملک کے کونے کونے سے نکلیں۔
’میں خود جاؤں گا ہر شہر سے خطاب کروں گا۔ ان کو سمجھاؤں گا کہ ہم نے مل کر عمران کو نکالنا ہے۔ پوری پارلیمان کو دکھاؤں گا کہ عوام نے عدم اعتماد دکھا دیا ہے۔ اگر عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے تو وقت آ گیا ہے کہ پارلیمان کا اعتبار بھی چھینا جائے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’پارلیمان میں اس حکومت پر حملہ کیا جائے اور حکومت سے عمران خان کو نکالا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے جب بھی لانگ مارچ کیا تو اس وقت کے ظالم اور سلیکٹڈ کو سیاسی نقصان پہنچا تھا۔
’جیسے آپ نے قائد عوام کا ساتھ دے کر غریب عوام کو آواز دلوائی، بی بی کا ساتھ دے کر اس ملک کے عوام کو تاریک ترین دور سے نکالا تھا۔ اب آپ نے میرا ساتھ دینا ہے، پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر پنجاب کی عوام پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دے اور یہ دونوں مل کر حکومت کا مقابلہ کریں تو عمران خان کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
’جب تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں لکھا جائے گا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے اس کے (عمران خان) سامنے دیوار بن کر کھڑے تھے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوری، انسانی اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، بہت برداشت کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے لوگوں سے روزگار چھینا ہے، گھر دیے نہیں اور غریبوں سے چھت چھینی، ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔
’زراعت جو ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس حکومت کے آنے کے بعد تباہ ہو گئی ہے۔‘

شیئر: