Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ کورونا سپورٹ سکیم، ’فراڈ کرنے والے سرکاری رقم واپس کریں‘

محکمہ خزانہ نے کہا تھا کہ دھوکہ دہی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
برطانوی حکام نے کورونا وائرس کے دوران فراڈ کرنے والے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سپورٹ سکیم سے حاصل کردہ سرکاری رقم واپس کر دیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق محکمہ خزانہ کے چیف سیکریٹری سائمن کلارک نے کہا ہے کہ ایچ ایم ریونیو اینڈ کسٹم ہر اس شخص کا تعاقب کرے گی جس نے دھوکہ دہی سے رقم وصول کی۔
سائمن کلارک نے ایل بی سی ریڈیو کو بتایا کہ ’کہ وہ ہر اس شخص سے اپیل کریں گے جس نے یہ رقم لی اور اس کو واقعی میں ضرورت نہیں تھی۔ ان کو ٹیکس کے محکمے سے رابطہ کرنا ہوگا۔‘
کورونا فراڈ کی رقم تو واضح نہیں تاہم مختلف تخمینوں کے مطابق یہ رقم تقریباً پانچ ارب پاؤنڈ ہے۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا سپورٹ سکیم ان خاندانوں کے لیے تھا جن کو کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
محکمہ خزانہ نے کہا تھا کہ دھوکہ دہی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور کورونا سپورٹ سکیم کا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کا تعاقب کیا جائے گا۔
گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کے دوران قرضوں کے فراڈ سے نمٹنے میں ناکامی پر ایک وزیر مستعفی ہوئے تھے۔

شیئر: