Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پارٹی گیٹ‘ فائنڈنگز پر برطانوی وزیراعظم کی ’معذرت‘

برطانوی وزیراعظم کو اپوزیشن اور عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے دوران پارٹیوں کے انعقاد پر معذرت کر لی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو برطانوی پارلیمان میں سرکاری افسر سیو گرے کی رپورٹ پر بیان دیتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ’انکوائری رپورٹ میں جن خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی وہ ان پر معذرت کرتے ہیں۔‘
برطانوی وزیراعظم نے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں انتظامی تبدیلیوں کا بھی وعدہ کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سول سروس کے ضابطہ اخلاق پر نظرثانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام چیزوں کے لیے معذرت خواہ ہوں جو صحیح سے نہیں ہو سکی اور اس معاملے سے جس طرح نمٹا گیا، وہ اس کے لیے بھی معذرت خواہ ہیں۔

برطانیہ کی ’پارٹی گیٹ‘ رپورٹ میں ’قیادت کی خامیوں‘ پر تنقید

10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ اور دفتر میں ہونے والی پارٹیوں کے بارے میں انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ تقریبات کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی۔
اس انکوائری رپورٹ میں قیادت کے خامیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ رپورٹ  12 صفحات پر مشتمل ہے اور یہ سرکاری افسر سیو گرے نے تیار کی ہے۔
پارٹیوں کی اس انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’کچھ تقریبات کو منعقد نہیں ہونے دینا چاہیے تھا۔‘
سیو گرے نے اپنی رپورٹ میں سرکاری مقامات پر شراب نوشی کے کلچر پر بھی تنقید کی ہے۔ 
گزشتہ برس اور 2020 میں منعقد ہونے والی 16 تقریبات کے بارے میں 70 سے زیادہ لوگوں سے انٹرویو کرنے سرکاری افسر سیو گرے نے کہا کہ میٹرو پولیٹن پولیس کی مداخلت کے باعث وہ جو کہہ سکتی تھیں وہ ’انتہائی محدود‘ ہے۔
 

برطانوی وزیراعظم نے 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں انتظامی تبدیلیوں کا بھی وعدہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

رپورٹ میں صرف ان واقعات کو بیان کیا گیا ہے جو لندن کی میٹرو پولیٹن پولیس کے زیر تفتیش نہیں۔ اس کی وجہ سے اپوزیشن تنقید کر رہی ہے اور کہا ہے کہ سچ بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والی پارٹیاں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نافذ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تھی۔
سرکاری افسر سیو گرے نے رپورٹ میں سرکاری عمارتوں میں پارٹیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یہ رپورٹ وزیراعظم کے حوالے کی تھی۔
برطانوی وزیراعظم 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں اپنی رہائش گاہ اور دفتر میں مبینہ پارٹیوں کے انعقاد کے بعد وزارت عظمیٰ کے حوالے سے شدید خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کے پارٹی کے اراکین اور مخالفین کی جانب سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’بورس جانسن کو یقین نہیں کہ انہوں نے قانون کو توڑا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سوئی گرے کی رپورٹ کو شائع کیا جائے گا۔ یہ ہاؤس آف کامنز کی لائبریری میں دستیاب ہوگی۔

شیئر: