Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے خلاف جیت کا اعلان قبل از وقت ہے: عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اومی کرون کے بعد نو کروڑ کیسز رپورٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کے خلاف جیت کا اعلان یا وبا کے روک تھام کی غرض سے جاری کوششوں کو روک دینا قبل از وقت ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے کہا کہ کورونا وائرس خطرناک ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے اس میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔
ٹیڈروس ادہانوم کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ڈینمارک نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عائد تمام پابندیاں منگل کو ہٹا دی ہیں۔ 
کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باوجود دیگر ممالک بھی حفاظتی پابندیاں ہٹا رہے ہیں۔
ڈینمارک حفاظتی پابندیاں اٹھانے والا پہلا یورپی ملک ہے۔
ٹیڈروس ادہانوم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند ممالک میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ویکسین کی موجودگی اور اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ لیکن کم شدت کے باعث اس کو روکنا ناممکن ہے لہٰذا روک تھام کی مزید ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ’کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مطلب مزید ہلاکتیں ہیں۔‘
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 10 ہفتے قبل اومی کرون کے جنوبی افریقہ میں سامنے آنے کے بعد سے اب تک نو کروڑ کیسز ڈبلیو ایچ او کو رپورٹ ہو چکے ہیں جو سال 2020 کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئے ویریئنٹ کی علامات معتدل ہیں لیکن مختلف ممالک میں اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
’ہم کسی بھی ملک سے یہ نہیں کہہ رہے کہ وہ واپس لاک ڈاؤن نافذ کریں۔ لیکن ہم تمام ممالک سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صرف ویکسین کے ذریعے ہی نہیں بلکہ تمام موجود طریقے استعمال کرتے ہوئے اپنے لوگوں کی حفاظت کریں۔‘
ٹیڈروس ادہانوم نے اومی کرون کی ’بی اے 2‘ نامی قسم پر نظر رکھنے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وائرس میں تبدیلیاں رونما ہوتی رہیں گی، اس لیے تمام ممالک لوگوں کی ٹیسٹنگ کا عمل اور اس میں ہونے والی تبدیلوں پر نظر رکھیں۔

شیئر: