Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے چوتھی ہلاکت ’گولی لگنے جیسی محسوس ہوئی‘: وزیراعظم بھوٹان

بھوٹان میںتقریباً تمام افراد کی ویکسینیشن 2021 کی وسط تک مکمل ہرگئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
بھوٹان اب تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا ہے تاہم ملک میں وائرس سے چوتھی ہلاکت پر وزیراعظم نے کہا ہے کہ وبا سے بچنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریباً آٹھ لاکھ آبادی پر مشتمل چین اور انڈیا کے درمیان واقع بھوٹان میں پوری دنیا کے مقابلے کورونا وائرس کے سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے چیرنگ، جو خود بھی ایک ڈاکٹر ہیں، کا کہنا ہے کہ ’رواں ہفتے کورونا وائرس کے مریض کی ہلاکت یہ یاد دہانی کروا رہی ہے کہ ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
سنیچر کو فیس بک پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک گولی لگنے جیسا احساس ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک اور قیمتی جان چلی گئی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں قوم کے ساتھ (اس ہلاکت کا) دکھ منا رہا ہوں اور ہمارے پیارے دوست کے لیے دعا گو ہوں۔‘
وزیراعظم کے مطابق بھوٹان اس وبا کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور قوم کسی ایسی بیماری کی وجہ سے اپنے لوگ نہیں کھو سکتی ’جس کو روکا جا سکتا ہے۔‘
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح بھوٹان میں بھی کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔
جمعے کو ہونے والی ہلاکت ایک ایسے وقت سامنے آئی جب صحت کے حکام نے کورونا وائرس کے 205 نئے کیسز رپورٹ کیے۔ یہ وبا کے شروع ہونے کے بعد سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
بھوٹان میں اب بھی کل کیسز کی تعداد پانچ ہزار سے کم رہی ہے اور ملک میں تقریباً تمام افراد کی ویکسینیشن گذشتہ سال کے وسط تک مکمل کر لی گئی تھی۔

شیئر: