Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین شہر بنگلورو میں مقبول پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ کی نمائش اچانک منسوخ، وجہ کیا بنی؟

تنازع بڑھنے کے بعد دونوں پروگراموں کے منتظمین نے نمائشیں منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی (فوٹو: انڈین ٹائمز)
انڈیا کے شہر بنگلورو میں پاکستانی ٹی وی ڈرامہ درِ نجات کی دو نجی نمائشیں سوشل میڈیا پر تنقید اور مخالفت کے بعد منسوخ کر دی گئی ہیں۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق ان تقریبات کے اشتہاری پوسٹرز گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہے تھے، جس کے بعد نمائش پر بحث شروع ہو گئی اور مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے۔
پہلی تقریب دی بلوم سوسائٹی سسٹرز کلب کے زیر اہتمام 28 نومبر کو فریزر ٹاؤن کے ریسٹورنٹ شیش کباب میں منعقد ہونا تھی۔ اس تقریب کو بنگلورو میں پہلی خصوصی نمائش کے طور پر پیش کیا گیا تھا، جس میں ڈرامے کی 34 اور 35ویں اقساط دکھانے کا منصوبہ تھا۔ شرکا کے لیے فارسی اور عربی کھانوں کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
دوسری نمائش دی سٹار کلب کی جانب سے 5 دسمبر کو شہر کے ایک نجی تھیٹر میں منعقد ہونا تھی۔
سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے ردعمل کے بعد بنگلورو پولیس کمشنر آر ہتندر نے کہا کہ پولیس نے ان تقریبات کا نوٹس لے لیا ہے اور منتظمین سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’فی الحال ایک تقریب منعقد کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ ہم منتظمین سے رابطے میں ہیں تاکہ مزید تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔ اگر زمینی سطح پر کسی کارروائی کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی کی جائے گی۔‘
تنازع بڑھنے کے بعد دونوں پروگراموں کے منتظمین نے نمائشیں منسوخ کرنے کی تصدیق کر دی۔
شیش کباب کے ایک نمائندے نے بتایا کہ 28 نومبر کی تقریب اب منعقد نہیں ہوگی، تاہم منسوخی کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی۔
اسی طرح 5 دسمبر کو نجی تھیٹر میں ہونے والی تقریب کے میزبان نے بھی پروگرام منسوخ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں کے لیے ایک محدود اجتماع تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے تقریب منسوخ کر دی ہے۔ اگرچہ یہ صرف خاندان اور قریبی حلقے کے لیے تھی، لیکن چونکہ یہ معاملہ ایک تنازع کی شکل اختیار کر گیا، اس لیے ہم نے نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

 

شیئر: