Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: عمدہ بیٹنگ کے بعد نپی تلی بولنگ، ملتان سلطان کی 57 رنز سے فتح

ملتان سلطانز کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے عمدہ بیٹنگ کے بعد نپی تلی بولنگ کی بدولت میچ میں 57 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے 222 رنز بنا کر جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز تک محدود رہی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی اور عمران طاہر نے تین، تین جب کہ عباس آفریدی اور بلیسنگ مظربانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان محمد رضوان کی 82 اور ٹم ڈیوڈ کی نصف سنچری کی مدد سے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹیں کھو کر 222 رنز بنائے تھے۔
ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر شان مسعود پانچ چوکوں کی مدد سے 35 رنز کرنے کے بعد شعیب ملک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان محمد رضوان نے پی ایس ایل میں ایک اور ففٹی اننگز کھیلی، وہ 53 گیندوں پر 82 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
صہیب مقصود نے 25 اور خوشدل خان نے محض سات گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ٹم ڈیوڈ نے 19 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد، شعیب ملک اور عثمان قادر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان وہاب ریاض سمیت محمد عمر، ثاقب محمود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
پی ایس ایل میں اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد ملتان سلطانز ناقابل شکست رہتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم گزشتہ سیزنز کے برعکس اس مرتبہ خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی ہے۔
پی ایس ایل 2022 میں آج کے میچ سے قبل کھیلے گئےچار میچوں میں سے پشاور زلمی نے دو جیتے ہیں جب کہ دو میں اسے شکست کا سامنا رہا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی چوتھی پوزیشن ہے۔

شیئر: