Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وبا کے دو سال بعد چینی صدر کی عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت

چینی صدر نے درجنوں غیرملکی مہمانوں کے ساتھ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وبا کے دو سال بعد چین کے صدر شی جن پنگ نے سنیچر کو ونٹر اولمپکس میں شرکت کرنے والے غیرملکی سربراہان مملکت اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہوں کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر شی جن پنگ نے ونٹر اولمپکس کے موقعے پر سفارتی میراتھن کا آغاز کیا ہے۔ جمعے کو روسی صدر اور اپنے ’دیرینہ دوست‘ ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی اور بعد میں درجنوں غیرملکی مہمانوں کے ساتھ اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔
بیجنگ بین الاقوامی حمایت کا خواہاں ہے اور اپنی ساکھ بچانے کے لیے اس نے مشکل حالات میں اولمپکس کا انعقاد کیا ہے۔
حال ہی میں امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا نے چین کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ضیافت کا اہتمام گریٹ ہال آف دی پیپل میں کیا گیا تھا۔ درجنوں معزز مہمانوں کے لیے کھانے کے ساتھ ساتھ موسیقی اور روایتی دستکاری کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔
رواں ہفتے کی ملاقاتیں صدر شی جن پنگ کے لیے ایک نمایاں اور اہم تبدیلی ہے۔ انہوں نے 2020 میں وبا کے آغاز کے بعد بیرون ملک سفر اور غیرملکی مہمانوں سے آمنے سامنے ملاقاتوں سے گریز کیا تھا۔
چین نے کورونا وائرس کی حکمت عملی کے تحت گزشتہ دو برسوں سے اپنی سرحدیں بند کی ہیں۔

وبا کے آغاز کے بعد بیرون ملک سفر اور غیرملکی مہمانوں سے آمنے سامنے ملاقاتوں سے گریز کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

صدر ولادیمیر پوتن کے علاوہ مہمانوں میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقائیف، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصر کے صدر عبدالفتح السیسی شامل تھے۔ اس کے علاوہ یورپ اور ایشیا پیسیفک کے رہنما بھی دعوت میں شریک تھے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تیدروس ادہانوم بھی ضیافت میں شریک تھے۔ چین کے ریاستی میڈیا کے مطابق وہ اولمپک مشعل برداروں میں بھی شامل تھے۔
صدر شی جن پنگ نے ضیافت کے موقعے پر اپنی تقریر میں کہا کہ آئیں پائیدار امن کے لیے مل کر کام کریں۔

ونٹر اولمپکس کے موقعے پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے بھی تقاریر کیں اور اولمپکس کے انتظام اور وبا سے نمٹنے پر چین کی تعریف کی۔
ضیافت کے موقعے پر چین کے صدر نے تمام مہمانوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

شیئر: