Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین کا غیر ملکیوں کے لیے گولڈن اقامے جاری کرنے کا اعلان

بحرین میں روزگار اور خاندان کے افراد کو رہائش کا حق ملے گا( فوٹو ٹوئٹر)
خلیجی تعاون کونسل کے اہم رکن ملک بحرین نے پیر کو مستقل گولڈن اقامے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مقیم غیرملکیوں، سرمایہ کاروں اور باصلاحیت کو ملک میں آنے اور رہنے کی ترغیب کے  لیے گولڈن اقامہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ نے بحرینی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ’گولڈن اقامہ ویزے کی تجدید غیرمعینہ مدت تک کے لیے ہوگی۔ ویزا ہولڈرز کو بحرین میں روزگار اور خاندان کے افراد کو رہائش کا حق ملے گا۔‘
یاد رہے کہ بحرین نے اکتوبر2021 کے دوران کہا تھا کہ مالیاتی توازن پیدا کرنے اور اقتصادی شرح نمو کے لیے نیا پروگرام جاری کیا جائے گا۔ اس کے تحت بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کی بات کی گئی تھی۔
بحرینی وزارت داخلہ نے گولڈن اقامہ ویزے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ویزا ہر اس شخص کو مل سکتا ہے جس نے بحرین میں کم از کم  5 برس قیام کیا ہو اور اس کی ماہانہ اوسط تنخواہ 2 ہزار بحرینی دینار سے کم نہ ہو‘۔
واضح رہے کہ 2 ہزار بحرینی دینار 5306 امریکی ڈالر کے مساوی ہیں۔ 
بحرینی وزارت داخلہ نے بیان میں مزید کہا کہ’ ایسے غیرملکیوں کو بھی گولڈن اقامہ  ویزا دیا جاسکتا ہے جو ایک خاص حد سے زیادہ مالیت کی غیر منقولہ جائدادوں کے مالک ہوں۔ یہ سہولت ریٹائرڈ افراد اور دیگر شرائط اور معیار پورا کرنے والے خداداد صلاحیت کے مالک افراد کو بھی دی جائے گی‘۔ 
یاد رہے کہ 2019 میں متحدہ عرب امارات نے 10 سالہ ’گولڈن ویزا‘  متعارف کرایا تھا تاکہ امیر افراد اور انتہائی ہنر مند کارکنوں کو راغب کیا جاسکے۔
 

 

شیئر: